پلوامہ//جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں ایک غیرمعمولی اقدام کے بطور ہفتہ کوکالعدم تنظیم جیش محمد کے ایک مقامی کمانڈر عاشق نینگرو کی رہائش گاہ کو منہدم کر دیاگیا۔حکام نے بتایا کہ ضلع پلوامہ ے علاقہ راج پورہ کی نیو کالونی میں2منزلہ مکان سرکاری زمین پر بنا تھا۔ اسے ضلعی انتظامیہ نے پولیس کی موجودگی میں مسمار کر دیاگیا۔حکام نے بتایاکہ یہ مکان کالعدم تنظیم جیش محمد کے ایک مقامی کمانڈر عاشق نینگرو کاتھا،جو2019کے پلوامہ حملے کا ملزم ہے جس میں سی آر پی ایف کے40 اہلکار مارے گئے تھے۔اس سال اپریل میں مرکزی حکومت نے عاشق نینگرو کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت ’نامزد دہشت گرد‘ قرار دیا تھا۔ایک نوٹیفکیشن میں، مرکزی وزارت داخلہ نے کہا کہ عاشق نینگرو جموں و کشمیر میں دہشت گردوں کی دراندازی میں ملوث رہا ہے اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دہشت گردی کے مختلف واقعات کو انجام دینے کیلئے بھی ذمہ دار رہا ہے۔متعلقہ وزارت نے کہا تھا کہ وہ کشمیر میں ایک دہشت گرد سنڈیکیٹ چلا رہا ہے اور اب’جموں اور کشمیر میں دہشت گردی کو منظم کرنے کی ایک خطرناک مہم میں مصروف ہے۔










