yasmeen khan

دلال محلہ ذالڈگر میں پروقار تقریب کے دوران یاسمین خان کو اعزاز

خاتون ٹیچر نے شہر سرینگر کے ایک اور سرکاری سکول کو بند ہونے سے بچایا

سرینگر / شہر سرینگر کے اندرونی علاقہ ذالڈگرکے ایک سرکار ی سکول میں یوم اساتذہ کی مناسبت سے ایکپروقارتقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران احسن کاکردگی کامظاہرہ کرنے والی ایک خاتون ٹیچر کو ایوارڈ سے نوازاگیا۔ اساتذہ کی تنظیموں اور محکمہ تعلیم کے افسران خصوصاًزونل ایجوکیشن آفیسر رضیہ اختر نے خاتون ٹیچر کی کارکردگی کی سراہنا کی ہے اور اعزاز ملنے پر انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سرینگر کے زالڈگر علاقے کے علاقہ دلال محلہ میں واقع جی ایم ایس چمردوری میں یوم اساتذہ کی مناسبت سے سکولی سربراہ کی صدارت میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اساتذہ اور طلبہ کے علاوہ غیر تدریسی عملہ سے وابستہ ملازمین نے بھی شرکت کی ۔ اس موقعہ پر طلبہ نے رنگارنگ تمدنی اور ثقافتی پروگرام پیش کرکے تقریب کی رونق میں اضافہ کیا ۔ تقریب کے دوران سکول میں تعینات خاتون استاد یاسمین خان کوانکی غیر معمولی خدمات کے لئے ادارے کی جانب سے توسیفی سند سے نوازاگیا ۔ اس موقعہ پرمقررین نے یاسمین خان کی خدمات کو سراہا اور انہیں اعزاز دئے جانے کے لئے مبارکباد پیش کی جبکہ طلبہ نے تالیا ں بجاکر اور کھڑے ہوکر یاسمین خان کا استقبال کیا۔ اس روح پر وراعزازی تقریب کے دوران مقررین نے کہا کہ یاسمین خان طلبہ کی بہتر تعلیم ممکن بنانے کے لئے نہ صرف سکول کے اندر نظام کو بہتر بنانے کے لئے کام کیا ہے بلکہ سکول کے لئے جگہ حاصل کرنے کے لئے بھی دن رات ایک کردیا۔ مقررین نے بتایاکہ عمارت دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے سکول کوزالڈگر کے گنجان آبادی والے علاقے میں ایک نئی جگہ تلاش کرنا کوئی آسان کام نہیں تھااور اگر دوسری جگہ دستیاب نہیں ہوتی تو سرکار کویہ سکول بندکرنے کے سوااور کوئی چارہ نہیں تھا ۔ ایسی صورت میں شہر سرینگر کے ڈائون ٹائون علاقے کے غریب طلبہ ایک اور تعلیمی سہولیت سے محروم ہوجاتے ۔ ان حالات میں یاسمین خان نے چلینج قبول کر کے گھر گھر جاکر جہد مسلسل کے ذریعے اور اپنی صلاحیتوں کا بھر پور استعمال کرکے یک نئی جگہ دستیاب کرائی ۔مقررین نے بتایاکہ جگہ حاصل کرنے کے بعد انہو ں نے سکول کے رول کو بڑھانے کے لئے دن رات محنت کی اور اب سکول کا رول دن بہ دن بڑھ رہاہے۔ زونل ایجوکیشن ذالڈگر رضیہ خاتون نے غیر معمولی کارکردگی کامظاہر ہ کرنے کے لئے یاسمین خان کو مبارکباد پیش کی ہے۔ یاسمین خان نے اس موقعہ پر اپنی تقریر میں اپنی جدوجہد کے بارے میں بتایاکہ یہ میری ذمہ داری تھی اور میں اس ذمہ داری کو نبھانے کی بھر پور کوشش کررہی ہوں ۔ انہو ں نے اس حوالے سے سکول کی دیگر اساتذہ سمینہ اختر، تہمینہ نذیر اور عالیہ رحمٰن کابھی شکریہ اداکیا جنہوں نے انہیں ہر قدم پر تعاون دیا۔ انہو ںنے زونل ایجوکیشن آفیسرزالڈگر رضیہ اخترکابھی شکریہ اداکیااور کہاکہ وہ ہمیشہ سکول کی بہتری کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات میں ذاتی دلچسپی لیتی ہے اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔ انہو ں نے ڈپٹی کمشنر سرینگر ، میونسپل کمشنراور پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کابھی شکریہ اداکیا جونئی سکول عمارت کے کرایہ سے متعلق معاملات حل کرنے میں سکول کو تعاون دے رہے ہیں۔ تقریب کے دوران ایک اوپن مائیک سیشن کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران اساتذہ اور طلبہ نے اساتذہ کے حقوق اور فرائض کے ساتھ ساتھ اپنے تجربات اور خیالات سے حاضرین کو آگاہ کیا۔اختتامی تقریب سے قبل سکول کے طلباء کی طرف سے طالبہ زینب (ہفتم)، منتظیٰ(آٹھویں) ، ذی شان(ششم)،زینب (پنجم )اور مریم (تیسری جماعت )نے اساتذہ کو کارڈ اور تحائف پیش کرکے انکی عزت افزائی کی۔ تقریب کے ابتدا میں بشیر احمد نے یوم اساتذہ کی مقاصد اور فسلفے پر روشنی ڈالی جبکہ تقریب کے اختتام پر سیدانیس فاطمہ نے تمام شرکاء کاشکریہ اداکیا۔ اس موقعہ پر اسکول کے اساتذہ نیمحکمہ کے افسران سے اپیل کی کہ وہ یاسمین خان کوانکی خدمات کے لئے ریاستی سطح کے ایوارڈ سے نوازیں ۔