عوام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ وقت رہتے ان تمام سازشوں کو سمجھ کر کشمیر دشمن عزائم کو خاک میں ملیں / فاروق عبد اللہ
سرینگر// نیشنل کانفرنس دفعہ370کی بحالی کیلئے ہر صورت میں جدوجہد کرتے رہے گی اور سپریم کورٹ کا درازہ بھی کھٹکھٹائیں گے کی بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ بی جے پی کشمیر میں ووٹوں اور منڈیٹ کی تقسیم کیلئے ہر حربہ اپنا رہی ہے اور اس کیلئے نت نئی جماعتیں، آزاد اُمیدوار ، کچھ لوگوں کو جیلوں سے رہا کرکے اور کچھ کو جیلوں سے بھی انتخابی میدان میں اُتار دیا ہے لیکن یہاں کے عوام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ وقت رہتے ان تمام سازشوں کو سمجھ کر کشمیر دشمن عزائم کو خاک میں ملنا ہے۔سی این آئی کے مطابق گاندربل میں انتخابی مہم جاری رکھتے ہوئے پہل پورہ صفاپورہ، واکورہ سمبل، گنڈ روشن، ینہ ہامہ میں چنائوی پروگراموں سے خطاب کے دوران صدرِ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس دفعہ370کی بحالی کیلئے ہر صورت میں جدوجہد کرتے رہے گی اور سپریم کورٹ کا درازہ بھی کھٹکھٹائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اب دو بار سپریم کورٹ میں دفعہ370کے حق میں فیصلہ دیا تھا ، جب بی جے پی نے سپریم کورٹ کی طرف سے دو مرتبہ اس دفعہ کے حق میں فیصلے کے باوجود اپنی جنگ نہیں روکی اور 70سال تک اس دفعہ کی منسوخی کیلئے کوششیں کرتے رہے تو ہم صرف ایک فیصلے پر ہی ہتھیار کیوں ڈال دیں، ہم بھی اپنی لڑائی جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کشمیر میں ووٹوں اور منڈیٹ کی تقسیم کیلئے ہر حربہ اپنا رہی ہے اور اس کیلئے نت نئی جماعتیں، آزاد اُمیدوار ، کچھ لوگوں کو جیلوں سے رہا کرکے اور کچھ کو جیلوں سے بھی انتخابی میدان میں اُتار دیا ہے لیکن یہاں کے عوام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ وقت رہتے ان تمام سازشوں کو سمجھ کر کشمیر دشمن عزائم کو خاک میں ملائیں۔انہوں نے کہا کہ بھاجپا کے جو آلہ کار یہاں انتخابی میدان میں اُترے ہیں یا اُتارے گئے ہیں ، وہ عوام کا کوئی بھلا نہیں کرپائیں گے، اس لئے ضروری ہے کہ ان عناصر کو وقت رہتے ناکام اور مسترد کیا جائے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا منشور اور ایجنڈا عوام کی راحت ہے اور ہم نے سیاسی مسائل کیساتھ ساتھ لوگوں کے روز مرہ مسائل و مشکلات کی جانب بھی مکمل توجہ مرکوز کرنے کا وعدہ کیا ہے اور ہم نے وعدہ کیا ہے کہ حکومت میں آنے کی صورت میں ہم بجلی فیس سے راحت کیلئے ہر صارف کو 200یونٹ بجلی مفت فراہم کریں گے، مہنگائی سے مقابلہ کیلئے معیشی طور پسماندہ کنبوں کو سالانہ 12گیس سلینڈر فراہم کریں گے، مفت راشن کا کوٹا 10کلو تک بڑھا دیںگے اور راشن گھاٹوں سے چینی اور مٹی کے تیل کی سپلائی دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ آپ کا ووٹ آپ کے پاس قیمتی امانت ہے، اس ووٹ سے بہت کچھ بدلا جاسکتا ہے، آپ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کیجئے اور اپنے بہتر مستقبل اور مشکلات کو دور کرنے کیلئے ایک بہترین اور صحیح نمائندہ چُنئے۔










