بھارت کی ترقی کیلئے امن شرط ، سائبر کرائمز سے موثر طریقے سے نمٹنے کیلئے لائحہ عمل لازمی / وینکیا نائیڈو

خواتین کیلئے محفوظ اور سازگار ماحول پیدا کرنا ان کی ترقی کیلئے ازحد اہم :نائب صدر ہند

سرینگر / / خواتین کیلئے محفوظ اور سازگار ماحول پیدا کرنا ان کی ترقی کیلئے ازحد اہم ہے کا اعلان کرتے ہوئے نائب صدر ہند ایم وینکیا نائیڈو نے پولیس فورس سے خواتین کے خلاف جرائم سے متعلق معاملات کو لے کر مزید حساس ہونے کی اپیل کی ہے۔ سی این آئی مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق چنئی میں تمل ناڈو پولیس کو پریزیڈنشیئل پولیس کلرس پیش کرنے کے بعد پولیس اہلکاران سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر ہند ایم وینکیا نائیڈو نے ملک میں خواتین پولیس اسٹیشنوں کی سب سے زیادہ تعداد اور خواتین پولیس عملے کی دوسری سب سے بڑی قوت کیلئے تمل ناڈو کی ستائش کی۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین ہماری آبادی کا نصف حصہ ہیں، تاہم انہیں مختلف محاذوں پر مساوی مواقع فراہم کرانے کے لیے ابھی بہت کچھ کام کیا جانا باقی ہے۔سائبر جرائم اور آن لائن جعل سازی اور ٹرانس بائونڈری جرائم جیسے دورِ جدید کے دیگر جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، نائب صدر نے پولیس فورس کو 21ویں صدی کے ان جرائم سے موئوثر انداز اور تیزرفتاری کے ساتھ نمٹنے کی غرض سے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے اور اس کیلئے تیار رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے سائنٹفک طریقہ سے سائبر جرائم سے متعلق معاملات کی تفتیش کے لیے مختلف سائبر فارینسک سہولتوں سمیت، 46 سائبر جرائم پولیسٹ اسٹیشنوں کے ساتھ ایک علیحدہ سائبر کرائم ونگ قائم کرنے کے لیے تمل ناڈو پولیس کی ستائش کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’صلاحیتوں کی تجدید، بنیادی ڈھانچہ سہولتوں میں بہتری، اور پولیس فورس کے رویے میں تبدیلی ، کچھ ایسے اہم عناصر ہیں جو پولیس کی جدیدکاری میں کلیدی حیثیت کے حامل ہیں۔‘‘نائب صدر جمہوریہ نے ثقافتی نوادرات کی چوری اور نقصان کے معاملات کی تفتیش کے لیے، ملک میں اپنی نوعیت کی اولین ایک آئیڈل ونگ قائم کرنے کے لیے تمل ناڈو پولیس کی ستائش کی۔تمل ناڈو کو بھارت کی ازحد خوشحال اور صنعتی ریاستوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ تیزی سے بدلتے سماجی اقتصادی ماحول میں پولیس کا کردار ازحد اہمیت کا حامل ہے۔