جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے کہا کہ حکومت ایک ہمہ گیر ترقیاتی پروگرام شروع کر کے لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے پُر عزم ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ آج یہاں افسران کی تعارفی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس دوران وزیر زراعت و پیداوار جاوید احمد ڈار بھی موجود تھے ۔ میٹنگ میں مختلف محکموں کے تمام ڈویژنل سربراہان نے شرکت کی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے جموں اور کشمیر کی ترقی کو تیز کرنے کیلئے ہم آہنگی کی کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں مختلف اقدامات کے مناسب نفاذ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے تا کہ لوگ ان سے مستفید ہو سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا بنیادی کردار عوام کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنا اور مختلف اقدامات میں ان کی شراکت داری کو یقینی بنانا ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ انتظامیہ کا فوکس عوام دوست ہونا چاہئیے تا کہ اگر کوئی خلاء ہے تو اسے کم کیا جائے اور شہری مرکوز نقطہ نظر اپنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ افسران کو مختلف اسکیموں کے مناسب نفاذ کو یقینی بنانا ہو گا اور زمینی سطح سے بھی خامیوں کے بارے میں فیڈ بیک حاصل کرنا ہو گا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے ہر کوشش کرنی ہو گی ۔ نائب وزیر اعلیٰ کو افسران نے مختلف محکموں کے مختلف فلیگ شپ پروگراموں پر عملدرآمد کی صورتحال کے بارے میں بھی بریفنگ دی ۔










