حکومت جموںوکشمیر میں صحت کے بنیادی ڈھانچے اور مریضوں کی نگہداشت کو مضبوط بنانے کیلئے پُر عزم ہے ۔سکینہ اِیتو

غوثیہ ہسپتال خانیار کیلئے ایڈیشنل بلاک ، حضرت بل میں 50 بستروں والے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال پر جلد کام شروع کرنے کا اعلان اور خانیارو حضرت بل حلقوں کا دورہ

سری نگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے آج کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں صحت بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے ان باتوں کا اِظہار خانیار اور حضرت بل اسمبلی حلقوں میں صحت سے متعلق اِداروں اور طبی سہولیات کے ایک روزہ دورے کے دوران کیا۔اِس موقعہ پر وزیرموصوفہ کے ہمراہ ممبر قانون ساز اسمبلی خانیار علی محمد ساگر اور رُکن اسمبلی حضرت بل سلمان علی ساگر بھی تھے۔دورے کے دوران وزیر صحت نے ایس آر گنج میں واقع اربن پبلک ہیلتھ سینٹر (یو پی ایچ سی) کا معائینہ کیا اور وہاں جاری اَپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ عمارت کی چھت، رابطہ سڑک اور لفٹ کی تنصیب سمیت باقی ماندہ کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ اَپ گریڈ شدہ سہولیت کوجلد از جلد عوام کے لئے وقف کیا جا سکے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ صحت مرکز ایک اہم منصوبہ ہے جسے علاقے کے مقامی ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس سے مقامی باشندوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی۔سکینہ اِیتو نے غوثیہ ہسپتال خانیار کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی آبادی کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے، جگہ کی کمی اور پارکنگ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے قریبی شناخت شدہ جگہ پر ایک ایڈیشنل بلاک تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ منصوبے سے متعلق تمام ضروری کارروائیاں جلد مکمل کی جائیں اور تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ (ڈِی پی آر) کی تیاری کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے۔وزیر موصوفہ نے حضرت بل کے حبک چوک میں واقع سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈِی ایچ) کے معائینہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ منظور شدہ 50 بستروں والے ہسپتال بلاک پر کام جلد شروع کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا، ’’میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی شکر گزار ہوں جنہوں نے کابینہ میں اس اہم منصوبے کی منظوری دی۔ میں مقامی رُکن اسمبلی سلمان علی ساگر کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہتی ہوں جنہوں نے اس معاملے کی بھرپور پیروی کرتے ہوئے اس کی منظوری حاصل کرنے میں اہم کردار اَدا کیا۔‘‘سکینہ اِیتو نے کہا کہ حکومت مریضوں کی بہتر نگہداشت اور صحت کی جدید سہولیات کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے تاکہ لوگوں بالخصوص معاشی طور پر کمزور طبقوں کو معیاری علاج کے لئے نجی ہسپتالوں پر انحصار نہ کرنا پڑے۔اُنہوں نے کہا کہ صحت شعبے میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملی ہے اور بتایا کہ عملے کی کمی کو پورا کرنے اور خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے جموں و کشمیر میں تقریباً 400 نئے ڈاکٹروں کو تعینات کیا جا رہا ہے۔وزیرموصوفہ نے کہا، ’’ہم صحت کے نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی کر کے انہیں دور کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد ہر شہری کو آسان، سستی اور معیاری صحت خدمات فراہم کرنا ہے۔‘‘اُنہوںنے یقین دِلایا کہ نئے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد جلد رکھا جائے گااور ان کی بروقت تکمیل اور عوام کے نام وقف کرنے کو یقینی بنانے کے لئے باقاعدہ نگرانی کی جائے گی۔
وزیر صحت نے لوگوںسے بھی اپیل کی کہ وہ صحت اِداروں میں صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے معیار کو برقرار رکھنے میں اَپنا کردار اَدا کریں کیوں کہ بہتر طبی نتائج کے لئے عوامی شمولیت نہایت ضروری ہے۔اِس موقعہ پر مقامی قانون سازوں نے وزیر موصوفہ کا شکریہ اَدا کیا کہ وہ صحت خدمات اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کے لئے سرگرم اور لگن کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔بعد میں وزیر صحت سکینہ اِیتو نے برزہامہ کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ مقامی آبادی کی طبی ضروریات پوری کرنے کے لئے ایک پرائمری ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) کی تعمیر کے واسطے مناسب اراضی کی نشاندہی کی جائے۔دورے کے دوران متعدد عوامی اور اِنفرادی وفود نے وزیر سکینہ اِیتوسے ملاقات کی اور انہیں مختلف مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا۔وزیر موصوفہ نے انہیں یقین دِلایا کہ تمام جائز مسائل اور مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائےگا۔اِس موقعہ پر وزیر صحت سکینہ اِیتو کے ہمراہ ایم ڈِی کے پی ڈِی سی ایل، وائس چیئرمین ایل سی ایم اے، ڈائریکٹر سکولی تعلیم کشمیر، پرنسپل جی ایم سی سری نگر، چیف اِنجینئر آر اینڈ بی، ایڈیشنل ڈِپٹی کمشنر سری نگر اور متعلقہ محکموں کے دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔