جی ایس ٹی اپیلیٹ ٹریبونل میں اپیل دائر کرنے کی آخری تاریخ 31 جولائی تک توسیع

تکنیکی مشکلات کے باعث حکومت نے جی ایس ٹی اپیلوں کی ڈیڈ لائن میں ایک ماہ کی توسیع کر دی

سرینگر// مرکزی حکومت نے گڈز اینڈ سروسز ٹیکس اپیلیٹ ٹریبونل میں اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ 30 جون سے بڑھا کر 31 جولائی 2026 کر دی ہے۔ وزارت خزانہ نے منگل کو کہا کہ یہ فیصلہ مختلف فریقین کی جانب سے جی ایس ٹی اے ٹی پورٹل پر پیش آنے والی تکنیکی مشکلات کی شکایات کے بعد کیا گیا۔وزارت خزانہ کے مطابق یہ توسیع سنٹرل گڈز اینڈ سروسز ٹیکس ایکٹ کی دفعہ 112(1) اور دفعہ 112(3) کے تحت دائر کی جانے والی اپیلوں پر لاگو ہوگی۔یو این ایس کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ چند روز کے دوران بڑی تعداد میں اپیلیں دائر کیے جانے کے باعث جی ایس ٹی اے ٹی پورٹل پر غیر معمولی دباؤ پیدا ہوگیا، جس کے نتیجے میں تکنیکی مسائل سامنے آئے۔ مختلف اسٹیک ہولڈرز کی درخواستوں کے بعد حکومت نے آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کرنے کا فیصلہ کیا۔یاد رہے کہ حکومت نے 17 ستمبر 2025 کو جاری نوٹیفکیشن کے ذریعے 30 جون 2026 کو اپیل دائر کرنے کی آخری تاریخ مقرر کی تھی، تاہم اب اسے بڑھا کر 31 جولائی 2026 کر دیا گیا ہے۔وزارت کے مطابق گزشتہ 15 دنوںکے دوران تقریباً 30 ہزار اپیلیں دائر کی گئیں، جبکہ بعض دنوں میں روزانہ تقریباً 5,500 اپیلیں موصول ہوئیں، جس کے باعث پورٹل پر بوجھ میں نمایاں اضافہ ہوا۔حکومت نے ٹیکس دہندگان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی اپیلیں مقررہ آخری تاریخ سے پہلے ہی دائر کریں اور آخری دن تک انتظار نہ کریں تاکہ پورٹل پر غیر ضروری دباؤ اور تکنیکی رکاوٹوں سے بچا جا سکے۔دریں اثنا وزارت نے بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران ٹیکس وصولیوں میں بھی مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ مئی 2026 میں مجموعی جی ایس ٹی وصولیاں سال بہ سال 3.2 فیصد اضافے کے ساتھ 1.94 لاکھ کروڑ روپے رہیں، جبکہ خالص جی ایس ٹی وصولیاں 3.3 فیصد بڑھ کر 1.67 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئیں۔ اسی عرصے کے دوران جی ایس ٹی ریفنڈ کی رقم 2.6 فیصد اضافے کے ساتھ 27,281 کروڑ روپے رہی۔ادھر محکمہ انکم ٹیکس کے اعداد و شمار کے مطابق یکم اپریل سے 17 جون 2026 کے دوران خالص براہ راست ٹیکس وصولیاںسال بہ سال 14.64 فیصد بڑھ کر 5.21 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئیں، جبکہ مجموعی براہ راست ٹیکس وصولیاں فیصد اضافے کے ساتھ 6.10 لاکھ کروڑ روپے ریکارڈ کی گئیں۔