ہمیں امید ہے حکومت بر سر اقتدار آنے کے ساتھ بجلی ، سڑک اور پانی کے معاملات حل ہونگے / ووٹران
سرینگر // جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں وسطی کشمیر کے ساتھ ساتھ راجوری ،پونچھ اور ریاسی اضلاس میں بھی مختلف پولنگ مراکز پر ووٹروں کا جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔ جس دوران انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت بر سر اقتدار آنے کے ساتھ ہی ان کے مسائل خاص طو ر پر بجلی ، سڑک اور پانی کے معاملات حل ہونگے ۔سی این آئی کے مطابق جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کے تحت ہوئی ووٹنگ میں لوگوں کی بھاری اکثریت نے شرکت کی اور ووٹ ڈالیں ۔ وسطی کشمیر سمیت پونچھ ، راجوری اور ریاسی کے مختلف پولنگ مراکز پر ووٹروں کا جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔ خاص طور پر خواتین ووٹروں کی بڑی تعداد صبح سویرے ہی پولنگ مراکز کے باہر قطاروں میں نظر آئی، جو اپنا ووٹ ڈالنے کیلئے بے تاب دکھائی دے رہی تھیں۔ریاسی ، پونچھ اور راجوری کے علاوہ سرینگر ، بڈگام اور گاندربل کے دیہی علاقوں میں کئی پولنگ مراکز کے باہر خواتین کی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملیں۔ خواتین ووٹروں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے ووٹ ڈالنے آئی ہیں اور وہ چاہتی ہیں تاکہ خطے میں امن اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے اور لوگوں کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع ملے جو ان کے مسائل کا ازالہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بنیادی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے جس میں خاص طو پر بجلی ، پانی اور سڑکوں کا جو معاملہ ہے ان کو حل کرانے کی اشدت ضرورت ہے ۔ ادھر مختلف علاقوں میں سیاسی جماعتوں کے امیدوار بھی ووٹران کو اپنی حمایت میں رائے دہی کرنے کی اپیل کر رہے تھے، جبکہ عوام کی شرکت کو جمہوری عمل کیلئے مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ جموں کشمیر میں 25ستمبر کو دوسرے مرحلے کے تحت اسمبلی انتخابات منعقد ہوگئے جس میں وسطی کشمیر اور خطہ ریاسی ، پونچھ اور راجوری کے علاقوں میں ووٹنگ ہوئی۔ یکم اکتوبر کو تیسرے اور آخری مرحلے کے تحت ووٹنگ ہوگی۔










