جموں کے مختلف حصوں میں ملی ٹنٹ مخالف آپریشنوں میں تیزی لائی گئی
سرینگر// جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا پہلا مرحلہ نزدیک آتے ہی جموں کے مختلف حصوں میں ملی ٹنٹ مخالف آپریشنوں میں تیزی لائی گئی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق خطہ پیر پنچال کے کچھ علاقوں میں ملی ٹنٹ سرگرمیوں میں تیزی آنے اور اسمبلی انتخابات کا پہلا مرحلہ نزدیک آتے ہی جموں کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے ملی ٹنٹ مخالف آپریشنوں میں تیزی لائی ہے ۔ ضلع کشتواڑ کے چھترو بیلٹ میں پننل دوگڈا کے جنگلات میں مشترکہ آپریشن دوسرے دن میں داخل ہو گیا، جس میں ایک جے سی او سمیت دو فوجی اہلکاروں کو ہلاک کرنے اور دو دیگر کو گولی باری میں زخمی ہونے کے بعد ملوث ملی ٹنٹوں کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔ حکام نے بتایا کہ ملی ٹنٹوں کا پتہ لگانے کیلئے سیکورٹی فورسز نے ڈرون اور دیگر جدید آلات استعمال کرتے ہوئے ایک وسیع علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جو اندھیرے اور گھنے پودوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مقابلے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ ملی ٹنتوں کے ساتھ اب تک کوئی نیا رابطہ نہیں ہوا ہے۔اسی دوران عہدیداروں نے بتایا کہ اودھم پور ضلع کے بسنت گڑھ علاقے میں کھنڈرا ٹاپ، کدواہ اور رائچک کے بالائی علاقوں میں بھی ایک بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے جہاں 11 ستمبر کو دو دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔ .انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز پونچھ میں سورنکوٹ کے جنگلاتی علاقوں اور راجوری ضلع کے نوشہرہ اور تھانہ منڈی میں بھی تلاشی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن انتخابات نزدیک آتے ہی شروع کئے گئے ہیںتاکہ انتخابات میں کوئی خلل نہ ہو اور آزادنہ و منصفانہ طریقہ میں اسمبلی انتخابات کا انعقاد کیا جائے ۔










