وزیر اعظم مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، راجناتھ سنگھ سمیت درجنوں چوٹی کے لیڈران جموں کشمیر کے دورے پر آئیں گے
سرینگر///جموں کشمیر میں بھاجپا امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلانے کیلئے وزیر اعظم مودی ، وزیر داخلہ امت شاہ سمیت درجنوںبی جے پی لیڈران یوٹی کا دورہ کریں گے جہاں وہ سرینگر، بارہمولہ، کپوارہ ، اننت ناگ کے علاوہ بڈگام میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے اور بھاجپا کے حق میں دینے کے لئے ووٹران سے اپیل کریںگے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات قریب آنے کے ساتھ ہی سیاسی سرگرمیاں بھی تیز ہوگئی ہیں اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے عوامی رابطہ مہم کو بھی تیز کردیا گیا ہے ۔ اس بیچ جموں و کشمیر میں بی جے پی کی انتخابی مہم کو تیز کرنے کے لیے، وزیر اعظم نریندر مودی، امت شاہ اور پارٹی کے دیگر سینئر وزرا 8 ستمبر کے بعد سے یوٹی پہنچنے والے ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ پی ایم مودی کی آمد کے بارے میں حتمی تاریخ کے بارے میں بات چیت جاری ہے اور امید ہے کہ پی ایم مودی 10 ستمبر کے بعد جموں و کشمیر پہنچیں گے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم مودی کی جموں و کشمیر آمد میں تھوڑی تبدیلی ہو سکتی ہے لیکن بی جے پی کے اعلیٰ وزراء بشمول امیت شاہ، راج ناتھ سنگھ، نتن گڈکری، اور پارٹی سربراہ جے پی نڈا کے علاوہ دیگر اعلیٰ وزراء کا دورہ 100 فیصد تصدیق شدہ ہے۔بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ پی ایم مودی دوسرے مرحلے کی انتخابی مہم کے لیے جموں و کشمیر پہنچ سکتے ہیں لیکن دیگر وزراء 10 ستمبر کے بعد ضرور جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے۔ان میں سے کچھ 10 ستمبر سے پہلے جموں و کشمیر کا دورہ کر سکتے ہیں لیکن ان میں سے زیادہ تر 10 ستمبر کے بعد پہنچیں گے۔ پی ایم مودی کی دو ریلیوں سے ایک جموں اور دوسری کشمیر میں خطاب کرنے کی توقع ہے۔ تاریخوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ بی جے پی کی جانب سے سرینگر، کپوارہ، بارہمولہ، بڈگام کے اضلاع میں بڑی ریلیاں منعقد کی جارہی ہیں جن میں یہ لیڈران شرکت کرکے ریلیوں سے خطاب کریں گے ۔










