اَتل ڈولو نے تجارت میں سہولیت فراہم کرنے کیلئے پیش رفت کا جائزہ لیا
جموں//ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اتل ڈولو نے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک میٹنگ میں ای ۔ نیشنل ایگریکلچر مارکیٹ ( ای ۔ این اے ایم ) کے ذریعے جموں و کشمیر کی منڈیوں کو جوڑنے کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ ای ۔ این اے ایم کے تحت منڈیوں یا زرعی پیداوار مارکیٹ کمیٹیوں کو ایک آن لائن پین انڈیا الیکٹرانک ٹریڈنگ پورٹل ( اے پی ایم سی ) فراہم کیا جاتا ہے ۔ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ( پی اینڈ ایم ) وکاس شرما کی طرف سے دی گئی پاور پوائینٹ پرذنٹیشن میں یہ بتایا گیا کہ نروال اور پارمپورہ کی پہلے سے موجود منڈیوں کے علاوہ اگست 2022 ء میں 9 منڈیوں کو آن بورڈ کیا گیا تھا ۔ مزید منڈیوں کو شامل کرنے کیلئے ڈی پی آرز جمع کئے گئے ہیں ۔ انفرادی منڈیوں میں رجسٹرڈ کسانوں ، تاجروں ، کمیشن ایجنٹوں اور ایف پی اوز کی تعداد کا تفصیلی بریک اپ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے ساتھ شئیر کیا گیا ۔ اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ 12 ہزار سے زیادہ کسان اور 1800 سے زیادہ تاجر آن لائن رابطے سے مستفید ہو رہے ہیں ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے رجسٹرڈ ممبران کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور افسران کو ہدایت دی کہ ہر منڈی کے تجارتی حجم میں وقت کے ساتھ اضافہ ہو۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے زراعت کے شعبے کی مجموعی ترقی کیلئے کشتواڑ ، بانڈی پورہ ، سانبہ اور ریاسی میں نئی منڈیوں کی تشکیل کیلئے ضلع انتظامیہ کے ساتھ تال میل میں موزوں زمین کی نشاندہی کے عمل کے بارے میں بھی افسران کے ساتھ بات چیت کی ۔ یہ نوٹ کیا گیا کہ تمام سی اے اسٹورز اور گوداموں کو سب مارکیٹ یارڈ قرار دیا جا سکتا ہے اور یہ کہ آنے والے مہینے میں اس عمل کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا ۔ نیز یہ فیصلہ کیا گیا کہ مختلف منڈیوں میں غیر الاٹ شدہ دکانوں کی ای نیلامی کی جائے گی ۔ مزید یہ انکشاف ہوا کہ ریاستی زراعت مارکیٹنگ بورڈ ( ایس اے ایم بی ) باغبانی کے شعبے کی مجموعی ترقی ، پھلوں اور سبزیوں کی منڈیوں کے کام کاج اور یو ٹی میں زرعی مارکیٹنگ کے ضابطے کیلئے اہم فیصلے لینے کیلئے سال میں دو بار میٹنگ کرنے والا ہے ۔ جائیزہ کے دوران یہ بتایا گیا کہ ریاست میں کل 36 منڈیاں ہیں ، جن میں سے 22 فی الحال کام کر رہی ہیں اور 14 ترقی کے مختلف مراحل میں ہیں ۔ میٹنگ میں سیکرٹری محکمہ زراعت شبنم کاملی، جوائنٹ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ ، ڈپٹی ڈائریکٹر جموں ( ہارٹیکلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ ) ، مختلف اضلاع کے ایریا مارکیٹنگ آفیسرز ، فروٹ ایسوسی ایشن نروال جموں کے صدر اور ممبران ، جی ایم آئی ہار ٹیکلچر ( منصوبہ بندی اینڈ مارکیٹنگ ) نے شرکت کی ۔ کشمیر سے باغبانی ( منصوبہ بندی اور مارکیٹنگ ) کے عہدیدار اور ایس ایف اے سی دہلی کا ایک نمائندہ بھی عملی طور پر موجود تھا ۔










