amit shah

جموں و کشمیر میں کسی بھی سنگباز یا ملی ٹنٹ کو رہا نہیں کیا جائیگا

ملی ٹنسی کا مکمل صفایا ہونے تک پاکستان کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں / امیت شاہ

سرینگر // جموں و کشمیر میں کسی بھی سنگباز یا ملی ٹنٹ کو رہا نہیں کیا جائے گا کا اعلان کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ ملی ٹنسی کا مکمل صفایا ہونے تک پاکستان کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے شیروں (جموں کشمیر کے نوجوانوں) سے بات کروں گا پاکستان سے نہیں۔شاہ نے مزید کہا کہ یہ وزیر اعظم مودی کی حکومت ہے کہ اب سرحدوں کے قریب زیر زمین بینکروں کو تعمیر کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی کیونکہ سرحد پار سے کسی میں اب ایک گولی چلانے کی ہمت نہیں ہے ۔ سی این آئی کے مطابق جموں کے نوشہرہ میں بی جے پی امید وار رویندر رینہ کے حق میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے واضح الفاظ میں اعلان کیا کہ جموں و کشمیر میں کسی پتھر باز یا دہشت گرد کو نہیں چھوڑا جائے گا اور دہشت گردی کا صفایا ہونے تک پاکستان کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا ’’میں اپنے شیروں (جموں کشمیر کے نوجوانوں) سے بات کروں گا پاکستان سے نہیں‘‘۔امیت شاہ نے کہا وہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحا د پتھراؤ کرنے والوں اور دہشت گردوں کو رہا کرنا چاہتے ہیں ،ان کی حکومت کے قیام کے بعد جیسا کہ ان کے منشور میں وعدہ کیا گیا ہے۔ فاروق عبداللہ جموں کی پہاڑیوں میں دہشت گردی کے احیاء کی بات کر رہے ہیں لیکن میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ یہ مودی حکومت ہے اور ہم دہشت گردی کو ’پتال‘ (زمین کے اندر) میں دفن کر دیں گے۔ کسی دہشت گرد یا پتھراؤ کرنے والے کو چھوڑا نہیں جائے گا۔ ‘‘ امیت شاہ نے کہا کہ این سی اور کانگریس پاکستان کے ساتھ بات چیت کیلئے بیٹنگ کر رہے ہیں۔شاہ نے کہا ’’ میں فاروق عبداللہ اور راہول گاندھی کو بتانا چاہتا ہوں کہ دہشت گردی کے خاتمے تک پاکستان کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔ میں اپنے شیروں (جموں کشمیر کے نوجوانوں) سے بات کروں گا پاکستان سے نہیں‘‘۔برسوں کے دوران سرحدی باشندوں کی حفاظت کیلئے حکومت کی طرف سے تعمیر کیے گئے زیر زمین بنکروں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے ڈھانچے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ سرحد کے اس پار سے اب کسی میں ایک گولی چلانے کی ہمت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہوں نے گولی چلائی تو ہم گولے سے جواب دیں گے۔انہوں نے ریزرویشن پر این سی کانگریس قائدین کے ریمارکس پر بھی تنقید کی اور کہا کہ کسی کو بھی محروم طبقات بشمول پہاڑیوں، گوجروں، دلتوں، دیگر پسماندہ طبقات کو دیئے گئے ریزرویشن کو چھونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا ’’ راہول گاندھی امریکہ میں کہہ رہے ہیں کہ ریزرویشن کی ضرورت نہیں ہے۔ میں اسے بتانا چاہتا ہوں کہ آپ کو مستحق برادریوں کے لیے ریزرویشن ختم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ‘‘