manooj sinha

جموں و کشمیر میں پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کی ستائش:ایل جی

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے جموں و کشمیر کے عوام کا شکریہ اَدا کیا ہے اور جموں و کشمیر میں پُرامن ، شفاف ، آزاد انہ اور منصفانہ اسمبلی اِنتخابات کے لئے انتخابی اَفسروں ، جموں و کشمیر پولیس اور سیکورٹی فورسز کی کوششوں کی ستائش کی ہے۔اُنہوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں قانون ساز اسمبلی اور نیشنل کانفرنس کی قیادت والے اتحاد کے لئے منتخب ہونے والے تمام اراکین کو اِنتخابات میں کامیابی پر دلی مُبارک باد دی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے ایک ٹویٹ میں کہا ،’’ میں جموںوکشمیر یوٹی میں جمہوریت کو بااِختیار بنانے اور مضبوط کرنے کے لئے لوگوں کا شکریہ اَدا کرتا ہوں۔ میں چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر، الیکشن کمیشن کے اَفسران، جموں و کشمیر پولیس اور سیکورٹی فورسز کی کوششوں کی ستائش کرتا ہوں جنہوں نے بیلٹ کے تقدس کو برقرار رکھنے اور شفاف، آزاد انہ اور منصفانہ اِنتخابات کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لئے انتھک اور تندہی سے کام کیا۔میں قانون ساز اسمبلی اور نیشنل کانفرنس کی زیرقیادت اتحاد کے لئے منتخب ہونے والے تمام ارکان کو اِنتخابات میں کامیابی پر دلی مُبارک باد پیش کرتا ہوں۔ عوام کی خدمت میں ان کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کرتا ہوں۔ ہندوستان کا آئین ہمارا لئے مشعل راہ ہے اور میں سب سے جموں و کشمیر کی ترقی اور لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے مل کر کام کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔پُرامن اِنتخابی عمل اور لاکھوں رائے دہندگان کی شرکت متحرک جمہوریت اور ملک کی جمہوری اَقدار پر عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ آج جموں و کشمیربہتر حکمرانی، عوام پہلے، سماجی اِنصاف اور سماجی ہم آہنگی کے اَصولوں پر قائم ہے۔‘‘