مجھے پورا یقین ہے کہ جموں و کشمیر عوام اپنا ووٹ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کو دیں گے/ جی کیشن ریڈی
سرینگر// جموں و کشمیر میں اتنے پرامن انتخابات کبھی نہیں ہوئے کی بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر اور جموں و کشمیر کے بی جے پی کے انتخابی انچارج جی کشن ریڈی نے کہا کہ پہلے اور دوسرے مرحلے کی پولنگ کے دوران پولنگ فیصد میں اضافہ دیکھا گیا۔ یہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت اور الیکشن کمیشن کیلئے ایک کامیابی ہے۔سی این آئی کے مطابق جموں میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر اور جموں و کشمیر کے بی جے پی کے انتخابی انچارج جی کشن ریڈی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابات اتنے پرامن طریقے سے کبھی نہیں ہوئے جیسے آج ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ’’ انتخابات کا پہلا اور دوسرا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ میں حکومت ہند اور الیکشن کمیشن کا بہت مشکور ہوں۔ آزادی کے بعد، جموں و کشمیر میں انتخابات اتنے پرامن طریقے سے کبھی نہیں ہوئے، ووٹنگ کا فیصد بھی بڑھ گیا ہے جو کہ مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن کے لیے ایک کامیابی ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے مختلف اسکیموں کو لاگو کیا ہے اور جموں و کشمیر میں امن بحال کیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’بی جے پی نے جموں و کشمیر میں جو ترقیاتی کام کیے ہیں۔ مختلف اسکیموں کو نافذ کیا ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ جموں و کشمیر میں امن بحال ہوا ہے۔ پہلے جموں و کشمیر کا دورہ کرتے ہوئے خوف تھا لیکن گزشتہ ایک سال میں 2.11 کروڑ سیاح آئے ہیں‘‘۔ بی جے پی لیڈر نے یقین ظاہر کیا کہ یہاں کے لوگ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی کو ووٹ دیں گے۔انہوں نے کہا ’’ مجھے پورا یقین ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام اپنا ووٹ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کو دیں گے۔ انتخابات کے دونوں مرحلے مکمل ہوچکے ہیں جس میں بی جے پی کو اکثریت ملنے والی ہے ۔ بی جے پی 100 فیصد اکثریت کے ساتھ آنے والی ہے۔










