جموں و کشمیر: اونتی پورہ میں 6 ملی ٹنٹ معاونین گرفتار

جموں و کشمیر: اونتی پورہ میں 6 ملی ٹنٹ معاونین گرفتار

بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد۔ پولیس کا دعویٰ

سرینگر//اونتی پورہ پولیس نے 6 ملی ٹنٹ معاونین کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا ہے۔ پولیس کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے علاقے اونتی پورہ میں 6 ملی ٹنٹ معاونین کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا، ’’اونتی پورہ پولیس کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ جیش محمد سے وابستہ ایک کشمیری دہشت گرد، جو اس وقت پاکستان میں مقیم ہے، نوجوانوں کو ملی ٹنٹ صفوں میں شامل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ اس کے تحت نوجوانوں کو ہتھیار فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ دہشت گرد کارروائیاں انجام دے سکیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ اس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن ترال میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔پولیس ترجمان نے کہا، ’’ان نوجوانوں کو ملی ٹنٹ کارروائیوں کے لیے پستول، گرینیڈ، اور آئی ای ڈیز فراہم کی گئیں اور انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ مخصوص ہلاکتوں کے علاوہ سیکورٹی فورسز، عوامی مقامات اور غیر مقامی مزدوروں پر گرینیڈ حملے کریں۔‘‘پولیس نے مزید بتایا کہ اس معاملے میں اب تک چھ ملی ٹنٹ معاونین کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن کی نشاندہی پر بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ برآمد شدہ اسلحہ میں پانچ آئی ای ڈیز، 30 ڈیٹونیٹرز، آئی ای ڈیز کی سات بیٹریاں، دو پستول، تین پستول میگزین، پستول کی 25 گولیاں، چار ہینڈ گرینیڈ اور 20 ہزار روپے نقدی شامل ہیں۔