مختلف صحت مراکز اور تعلیمی اِداروں کے بنیادی ڈھانچے اور کام کاج کا جائزہ لیا
کوکر ناگ( اننت ناگ)//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے کوکرناگ حلقہ اِنتخاب کا تفصیلی دورہ کیا۔اُنہوں نے علاقے میں موجود مختلف صحت مراکز اور تعلیمی اِداروں کے بنیادی ڈھانچے اور ان کے کام کاج کاجائزہ جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر رُکن قانون ساز اسمبلی کوکرناگ چودھری ظفر علی کھٹانہ، ممبر قانون ساز اسمبلی زینہ پورہ شوکت حسین گنائی، ناظم سماجی بہبود کشمیر، ناظم سکولی تعلیم کشمیر، ڈائریکٹر کالجز جموں و کشمیر، ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر اینڈ ایمونائزیشن، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، ڈائریکٹر آیوش جموں و کشمیر، اے ڈِی سی اننت ناگ، پروگرام آفیسر آئی سی ڈِی ایس اننت ناگ، ایس ڈِی ایم کوکرناگ اور محکمہ صحت، سماجی بہبود اور تعلیم کے دیگر سینئر اِفسران بھی موجود تھے۔دورے کے دوران وزیر موصوفہ نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال کوکرناگ، پرائمری ہیلتھ سینٹر لارنو، پی ایچ سی گڈول، پی ایچ سی وندے ویلگام اور گورنمنٹ ڈِگری کالج لارنو کا معائینہ کیا اور ان اِداروں کے کام کاج کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال کوکرناگ میں ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا، عملے اور مریضوں سے ملاقات کی اور دستیاب سہولیات سے متعلق ان سے فیڈ بیک حاصل کیا۔اِس موقعہ پر وزیرموصوفہ نے لوگوں سے بات کرتے ہوئے یقین دِلایا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے تحت جموں و کشمیر میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو جلد بہتر بنایا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں ایس ڈی ایچ کوکرناگ میں آکسیجن پلانٹ، بلڈ بینک اور ڈائیلاسس سہولیات قائم کی جائیں گی تاکہ مقامی لوگوں کو بہتر طبی سہولیات ان کے نزدیک یقینی بنایاجاسکے۔اُنہوں نے پی ایچ سی لارنو، گڈول اور وندے ویلگام کا دورہ کرتے ہوئے ان مقامات پر صحت سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اُنہوں نے مقامی ہیلتھ ورکروں سے بات چیت کی۔بعد میں وزیر سکینہ اِیتونے گورنمنٹ ڈِگری کالج (جی ڈِی سی) لارنو کا بھی معائینہ کیا اور اِدارے کے بنیادی ڈھانچے، فیکلٹی کی تعداد اور طالب علموں کے لئے موجود تعلیمی سہولیات کا جامع جائزہ لیا۔ اُنہوں نے کالج کیمپس کا تفصیلی دورہ کیا اور فیکلٹی و طلاب سے استفساری گفتگوکر کے کالج میں دی جانے والی معیاری تعلیم کے بارے میں رائے لی۔وزیر موصوفہ نے اِس تفصیلی دورے کے دوران مختلف مقامات پر عوامی وفود اور اَفراد سے بھی بات چیت کی۔اُنہوں نے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں صحت اور تعلیمی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ وزیر موصوفہ نے کہا،’’لوگوںکو معیاری صحت سہولیات اور تعلیم کی فراہمی عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کا اوّلین مقصد ہے۔‘‘اُنہوں نے لوگوں کو یقین دِلایا کہ اس دورے کے دوران ان کی جانب سے اُٹھائے گئے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ کوکرناگ حلقے کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔










