Weather

جموں وکشمیرمیں 10 دسمبر تک موسم خشک رہنے کاامکان:محکمہ موسمیات

سری نگر//آسمان پر بادل چھائے رہنے کے نتیجے میں جمعرات اورجمعتہ المبارک کی درمیانی رات سری نگر ،گلمرگ اورپہلگام سمیت پوری کشمیر وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری ریکارڈ کی گئی ۔اس دوران جمعے کوپورے دن کشمیرمیں بادل چھائے رہے تاہم جمعرات کے برعکس جمعے کودن میں سردی کی شدت کم محسوس کی گئی ۔اُدھر محکمہ موسمیات نے پھر کہاکہ جموں وکشمیرمیں 10 دسمبر تک موسم خشک رہنے کاامکان ہے ،تاہم انہوںنے کہاکہ موسم خشک رہنے کی وجہ سے درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آئے گی ۔جے کے این ایس کے مطابق جمعرات اورجمعتہ المبارک کی درمیانی رات کشمیر وادی میں گزشتہ رات کے مقابلے میں سردی کی شدت کم رہی ،کیونکہ بیشترعلاقوںمیں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری درج ہوئی ۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ جمعرات اورجمعتہ المبارک کی درمیانی رات سری نگرمیں کم سے کم درجہ حرارت صفر اعشاریہ2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاجبکہ جمعرات اور جمعے کی درمیان یہاں رات کاکم سے کم درجہ حرارت2.1ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیاتھا،اور گزشتہ اتوار کو سری نگر میں رات کاپارہ منفی 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ کیاگیا ۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایاکہ گزشتہ رات قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.5 ڈگری سینٹی گریڈ کیا گیاجو معمول سے 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔ انہوںنے بتایاکہ پہلگام میں پارہ گزشتہ رات درجہ حرارت1.4 ڈگری سینٹی گریڈ رہا اور یہ معمول سے 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے کہاکہ کوکرناگ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت1.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجومعمول سے1.7ڈگری زیادہ تھا، انہوں نے کہاکہ گلمرگ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 0.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجومعمول سے2.3ڈگری زیادہ تھا۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ کپواڑہ قصبے میں جمعرات اورجمعتہ المبارک کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جومعمول سے0.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔اس دوران ہندوستانی محکمہ موسمیات کے سری نگرمیں قائم مرکز نے جمعے کویہ دوہرایاکہ جموں وکشمیر کشمیر میں 10 دسمبر تک موسم خشک رہنے کاامکان ہے ،تاہم انہوںنے کہاکہ موسم خشک رہنے کی وجہ سے درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آئے گی ۔ موسمیاتی ماہرین نے کہاکہ یکم اور4دسمبر کوجموں وکشمیرکی اُفق پر مغربی ہوائوںکااثررہے گا ،تاہم ان سے موسم میں کسی تبدیلی کاامکان نہیں ۔انہوں نے کہا کہ خشک موسم کی پیش گوئی کے درمیان وادی میں درجہ حرارت مزید نیچے جائے گا۔اس دوران موسمیاتی ماہرین نے کہاکہ 2 کمزور مغربی ڈسٹربنس یکم دسمبر اور 4 دسمبر کو جموں و کشمیر کو متاثر کرنے والے ہیں۔تاہم، دونوں مغربی ہوائیں بارشوں یابرفباری کا موجب نہیں بنیں گی۔