جموںوکشمیر کے کسانوں کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کیلئے ’’پرواز سکیم‘‘ مارکیٹنگ سہولیت فراہم کرے گی

سری نگر//جموںوکشمیر یوٹی میں کسانوں کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لئے ’’پرواز سکیم ‘‘ مارکیٹنگ سہولیت فراہم کرے گی۔یہ سکیم حکومت کی طرف سے شروع کی گئی تھی جس کا مقصد ائیر کار گو کے ذریعے جموںوکشمیر میں کاشت کی جانے والی زراعت اور باغبانی کے تازہ اشیاء کی ترسیل کے لئے مارکیٹ لنکیج سپورٹ فراہم کرنا تھا۔اِس سکیم کے تحت جموں وکشمیر میں کاٹے جانے والے تازہ پھلوں کو ائیر کار گو کے ذریعے بھیجنے کے لئے فریٹ چارجز پر 25 فیصد سبسڈی دی جاتی ہے ۔ کسانوں کو سبسڈی بذریعہ ڈی بی ٹی موڈ فراہم کی جاتی ہے ۔جے کے ایچ پی ایم سی سکیم کو عملانے والی ایجنسی باقاعدگی سے کسانوں میں اِس سکیم کی اہمیت کے بارے میں جانکاری اوربیداری پیدا کر رہی ہے تاکہ اِس سکیم سے زیادہ سے زیادہ کسان فائدہ اُٹھا سکے ۔ سکیم سے متعلق دستاویزات کے کام کو آسان بنایا گیا ہے ۔ اِس کے علاوہ اِس سکیم کے تحت کسانوں کو دی جانے والی سبسڈی کاشت کاروں کو بروقت اَدا کی جاتی ہے۔ایک آفیسر نے کہا کہ یہ سکیم تازہ پیداوار کو آسانی سے گھریلو اور بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچانے کے علاوہ جموںوکشمیر میں مقامی طور پر کاشت کی جانے والی پیداوار کے لئے ایک وسیع منڈی کااحاطہ کرتی ہے۔اُنہوں نے مزید کہاکہ اِس سکیم سے مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع بڑھ جائیںگے ۔اِس کا مقصد کسانوں کی مجموعی آمدنی اور زندگی میں اِضافہ کرنا بھی ہے ۔آفیسر نے کہا کہ اِس سکیم سے پھلوں اور سبزیوں کے کاشت کاروں کو اَچھی آمدنی حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی اور جموںوکشمیر میں کٹائی کی گئی پیداوار کی مارکیٹنگ کا الگ اثر پڑے گا۔یہ سکیم کسانوں کو اُن کی آمدنی کو دوگنا کر کے فائدہ پہنچاتی ہے ۔ اِس طرح ان کی معاشی اور سماجی بہبود کو یقینی بناتی ہے ۔ اِس سکیم سے کسانوں کو ان کی پیداوار کی قیمت براہِ راست ان کے بینک اکائونٹ میں ملے گی جس کے درمیان کوئی نہیں ہوگا۔مزید برآں ، ’’ پرواز سکیم ‘‘ کے تحت 25فیصد سبسڈی فراہم کرداہ حکومتی حکم نمبر 49-JK(Horti) of 2021 بتاریخ8 ؍ جولائی 2021 کے ذریعے نوٹیفائی کیا گیا ہے۔باغبانی اور زراعت تازہ چیری، شہتوت ، بیر ، آڑو، ناشپاتی ، لیچی اور غیر ملکی اورنامیاتی سبزیوں کوا ئیر کار گو ریٹس پر فراہم کی جائے گی۔سکیم کے تحت نامیابی اور غیر ملکی سبزیوں کی شناخت ایک ماہر کمیٹی کرے گی۔