جموںوکشمیر ٹورازم نے ٹی ٹی ایف احمد آباد میں بہترین ایڈونچر ٹوراِزم ڈیسٹی نیشن ایوارڈ حاصل کیا

جموںوکشمیر ٹورازم نے ٹی ٹی ایف احمد آباد میں بہترین ایڈونچر ٹوراِزم ڈیسٹی نیشن ایوارڈ حاصل کیا

احمد آباد//جے اینڈ کے ٹوراِزم نے ٹریول اینڈ ٹوراِزم فیئر (ٹی ٹی ایف) احمد آباد میں اپنی تین روزہ بھرپور شرکت کامیابی کے ساتھ مکمل کی جہاں یہ محکمہ ٹریول ٹریڈ، سیاحت سے وابستہ شراکت داروںاور سیاحوں کے لئے جموں و کشمیر ایک اہم مرکزِ توجہ بن کر اُبھرا۔جموں و کشمیر کی شرکت کو اُس وقت ایک نمایاں پذیرائی ملی جب اسے بہترین ایڈونچر ٹورازم ڈیسٹی نیشن ایوارڈ سے نوازا گیاجو ہندوستان کی متنوع اور دِلچسپ ایڈونچر سیاحتی مقامات میں اس کی بڑھتی ہوئی حیثیت کا اعتراف ہے۔تین روزہ تقریب کے دوران جے اینڈ کے ٹوراِزم نے خطے کو محض دلکش مناظر، برف پوش پہاڑوں اور شفاف جھیلوں کی سرزمین کے طور پر ہی پیش نہیں کیا بلکہ اسے ایسی جگہ کے طور پر اُجاگر کیا جہاں سیاح یہاں کی ثقافت، روایات، مہمان نوازی، ضیافتوں اور طرزِ زندگی کا حقیقی تجربہ حاصل کر سکتے ہیں۔جے اینڈ کے ٹوراِزم کے وفد نے گجرات اور ملک بھر کے سیاحوں کو کھلی دعوت دی کہ وہ روایتی سیاحتی مقامات کی سیر سے آگے بڑھیں اور جموں و کشمیر آ کر ہمالیہ کی زندگی کو قریب سے محسوس کریں۔میلے میں جے اینڈ کے ٹوراِزم کی جانب سے یہ پیغام دیا گیا،’’جموں و کشمیر صرف اس کی قدرتی خوبصورتی دیکھنے کے لئے نہ آئیںبلکہ اسے محسوس کرنے، اس کی ثقافت کو جینے، یہاں کے لوگوں سے جُڑنے اور ہمالیہ کے ہر گوشے میں موجود مہم جوئی کو دریافت کرنے کے لئے آئیں۔‘‘ٹریکنگ، رافٹنگ، سکیئنگ، کوہ پیمائی اور پیرا گلائیڈنگ سے لے کر ہوم سٹے، دیہی سیاحت، ورثے سے متعلق تجربات اور ثقافتی سرگرمیوں تک، جموں و کشمیر نئی نسل کے سیاحوںبالخصوص مستند، تجرباتی اور مہم جوئی پر مبنی تعطیلات کے خواہاں نوجوانوں کے لئے وسیع پیمانے پر تجربات پیش کرتا ہے۔اس شرکت کے دوران ہوم سٹے اور کمیونٹی پر مبنی سیاحت کے امکانات کو بھی اُجاگر کیا گیا جو مقامی آبادی کے لئے دیرپا روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو جموں و کشمیر کی حقیقی مہمان نوازی اور ثقافت سے روشناس کرنے میں اہم کردار اَدا کر سکتے ہیں۔ٹی ٹی ایف احمد آباد کے پلیٹ فارم نے جموں و کشمیر سیاحت کو گجرات کی متحرک ٹریول مارکیٹ سے رابطہ قائم کرنے اور ٹریول ٹریڈ، ٹور آپریٹروں اور سیاحت سے وابستہ دیگر شراکت داروںکے ساتھ شراکت داری مضبوط کرنے کا موقع فراہم کیا۔ اِس تقریب میں ہندوستان اور بیرونِ ملک سے مختلف ٹوراِزم بورڈوں، ٹریول کمپنیاں، ہاسپیٹیلٹی برانڈز اور دیگر متعلقہ اداروں نے شرکت کی جس سے سیاحتی مقامات کے فروغ اور کاروباری نیٹ ورکنگ کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم مہیا کیا۔بہترین ایڈونچر ٹورازم ڈیسٹی نیشن ایوارڈ سے اپنی تشہیری کوششوں کو مزید تقویت ملنے کے بعد جموں و کشمیر سیاحت نے ایک بار پھر سیاحوں کو دعوت دیتے ہوئے کہا،’’صرف جموں و کشمیر کا دورہ نہ کریں، آئیے اسے محسوس کریں۔ آئیے اس کی ثقافت کو جئیں۔ آئیے ہمالیہ کو محسوس کریں۔ مہم جوئی کے لئے آئیے اور زندگی بھر کی یادیں ساتھ لے کر واپس جائیں۔‘‘