جسٹس سنجیو کمار نے ہائی کورٹ کمپلیکس جموں میں نئی تعمیر شدہ ’ایڈ ووکیٹ کلرک روم‘‘ کا اِفتتاح کیا

جسٹس سنجیو کمار نے ہائی کورٹ کمپلیکس جموں میں نئی تعمیر شدہ ’ایڈ ووکیٹ کلرک روم‘‘ کا اِفتتاح کیا

جموں//چیف جسٹس ( قائمقام ) جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ سنجیو کمار نے جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جموں وِنگ میں بنیادی سہولیات کو مضبوط بنانے اور عدالتوں کے روزمرہ امور کی انجام دہی میں وکلأ کلرکوں کی اہم خدمات اور ان کی انتھک محنت کو تسلیم کرتے ہوئے آج جانی پورہ جموں میں ہائی کورٹ کمپلیکس میں نئے بنائے گئے’ ایڈوکیٹ کلرک روم‘ کا اِفتتاح کیا۔اِفتتاحی تقریب میں جسٹس سندھو شرما، جسٹس راجنیش اوسوال، جسٹس محمد اکرم چودھری، جسٹس وسیم صادق نرگل، جسٹس راجیش سیکھری اور جسٹس سنجے پریہار نے شرکت کی جن کی باوقار موجودگی نے تقریب کی رونق بڑھادِی۔تقریب میںرجسٹرارجنرل جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ ایم کے شرماجو چیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹری کا اضافی چارج بھی سنبھالے ہوئے ہیں، رجسٹری کے دیگر افسران، صدرجموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں نرمل کوتوال اور بار ایسوسی ایشن کے سینئر اراکین نے بھی شرکت کی۔ اِس موقعہ پرصدرجموں و کشمیر ہائی کورٹ ایڈووکیٹس کلرکس ایسوسی ایشن مہندر سنگھ ناگ اور دیگر عہدیداران سمیت ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی موجود تھے۔اس موقع پر جسٹس سنجیو کمار نے وکلأکے کلرکوں کے لئے مخصوص اس نئی سہولیت پر اطمینان کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے بالخصوص عدالتوں میں درخواستوں کی اِی۔فائلنگ کے عمل میں کلرکوں کے فعال کردار کے پیش نظر ان کی ڈیجیٹل خواندگی کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے وکلأ کے کلرکوں کو عدالتی کارروائی کے تمام پہلوؤں میں تربیت فراہم کرنے کے لئے جامع ماڈیول بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ جموں و کشمیر ہائی کورٹ ایڈووکیٹس کلرکس ایسوسی ایشن کی جانب سے ایسوسی ایشن کے صدر مہندر سنگھ ناگ نے چیف جسٹس، دیگر معزز جج صاحبان اور صدربار ایسوسی ایشن کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے وکیلوں کے کلرک کے طویل عرصے سے زیر اِلتوا ٔمطالبے کو ایک مخصوص ایڈووکیٹ کلرک روم کے قیام کے ذریعے پورا کیا۔