جاوید رانا نے پانپور حلقے میں جلد شکتی کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

جاوید رانا نے پانپور حلقے میں جلد شکتی کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

قریب المکمل منصوبوں کی جلد تکمیل اور فعال بنانے کی ہدایت

سری نگر//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے آج سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ میٹنگ میں جل شکتی سیکٹر کے تحت پانپور حلقے میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ممبر اسمبلی پانپور حسنین مسعودی، ڈائریکٹر فائنانس محکمہ جل شکتی، ڈائریکٹر پلاننگ محکمہ جل شکتی، سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر ہائیڈرولک ڈویژن پلوامہ، ایگزیکٹیو اِنجینئر جل شکتی محکمہ اونتی پورہ اورپلوامہ، ایگزیکٹیو اِنجینئر اِری گیشن ڈویژن پلوامہ اور ایگزیکٹیو اِنجینئر گراؤنڈ واٹر ڈویژن سری نگر نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوف نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ایسے تمام ممکنہ اقدامات کا جائزہ لیں جو تکمیل کے قریب ہیں لیکن معمولی نوعیت کے باقی ماندہ کاموں کی وجہ سے زیر اِلتوا ٔہیں تاکہ ان پروجیکٹوں کو جلد از جلد شروع کیا جائے اور لوگوں کو ان کے فوائد بروقت حاصل ہوں۔اُنہوں نے کاموں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دِی کہ زمین کے معاوضے سے متعلق تمام زیرِ اِلتوأ معاملات کو مقررہ مدت کے اندر حل کیا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر نہ ہو۔جاوید رانا نے پانپور قصبے میں امرت سکیم کے تحت جاری منصوبوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بناتے ہوئے معیار کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے حلقے میں سیلاب سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ بارشوں کے موسم میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے سیلاب سے بچاؤ کے کاموں کو پہلے سے بہتر بنایا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام احتیاطی اور پیشگی تیاری کے اقدامات کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ لوگوںکو آخری لمحات میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وزیرموصوف نے مختلف متعلقہ محکموں کے درمیان قریبی تال میل اور ہم آہنگی کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے سکیموں کی مؤثر عمل آوری پر زور دیا او رپانپور کے لوگوں کو بہتر پینے کے پانی اور سیلاب سے بچائوکے بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوںنے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ دستیاب وسائل کا بھرپور اِستعمال کریںاور اِس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی سکیم کے تحت فنڈز کی کمی نہ ہو۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے مختص فنڈز کابہترین اِستعمال ناگزیر ہے۔