جاوید احمد ڈار نے وِکست کرشی سنکلپ ابھیان کے ورچیو ل میٹنگ میں شرکت کی

جاوید احمد ڈار نے وِکست کرشی سنکلپ ابھیان کے ورچیو ل میٹنگ میں شرکت کی

سری نگر//وزیر برائے محکمہ زراعت، دیہی ترقیات، پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن ڈیپارٹمنٹ جاوید احمد ڈار نے آج سول سیکرٹریٹ سری نگر سے وِکست کرشی سنکلپ ابھیان کی تیاریوں کے حوالے سے ایک ورچوئل میٹنگ میں شرکت کی۔یہ میٹنگ مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان کی صدارت میں کرشی بھون دہلی میں منعقد کی گئی ۔ اُنہوں نے 29 ؍ مئی سے 12؍ جون 2025ء تک منعقد ہونے والے وِکست کرشی سنکلپ ابھیان کی تیاری کے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے تمام ریاستوں اور یونین ٹیریٹریوں کے وزرائے زراعت سے خطاب کیا۔شیو راج سنگھ چوہان نے 15 روزہ مہم وسیع خاکوں کو اُجاگر کرتے ہوئے کہاکہ اِس مہم کے تحت ملک کے ہر ضلع کا احاطہ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ کسانوں تک رَسائی حاصل کی جا سکے۔ اُنہوں نے زرعی پیداوار میں اضافے کے لئے زرعی توسیعی خدمات کو بہتر بنانے پر زور دیا۔اِس موقعہ پر بتایا گیا کہ 2000 ٹیمیں جن میں زرعی سائنسدان، افسران اور ترقی یافتہ کسان شامل ہوں گے، تشکیل دی جائیں گی تاکہ کسانوں کو محکمہ زراعت کی تمام سکیموں کا فائدہ ان کے دروازے پر پہنچایا جا سکے۔ مہم کے دوران بیجوں کی تقسیم اور مختلف سکیموں کے تحت چھوڑے گئے کسانوں کی رجسٹریشن کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔جاوید ڈار نے میٹنگ کو بتایا کہ جموں و کشمیر کا محکمہ زراعت پہلے ہی تمام 20 اَضلاع میں 1200 مقامات پر یونین ٹیریٹری اور پنچایت سطح پر بیداری کیمپ منعقد کر چکا ہے۔ اِس کے علاوہ، تقریباً 25 لاکھ کسانوں کو محکمانہ پورٹل پر رجسٹر کیا گیا ہے تاکہ وہ مرکزی حکومت کی سکیموں سے مستفید ہو سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ کی حکومت وزیر اعظم نریندر مودی کے کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے وژن کو پورا کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے یقین دہانی کی کہ جموں و کشمیر کا محکمہ زراعت اِس مہم کی کامیاب تکمیل کے لئے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔