جاوید احمد رانا کا پیر کی گلی کا دورہ

جاوید احمد رانا کا پیر کی گلی کا دورہ

مغل روڈ پر بنیادی ڈھانچے کے اہم منصوبوں کا جائزہ

شوپیان/ / محکمہ جنگلات نے مغل روڈ کے ساتھ ساتھ پیر کی گلی میںیاتریوں کے لئے بنیادی سہولیات کی بہتری اور ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینے کے لئے کئی اہم اقدامات کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اِن اَقدامات کے تحت محکمہ پیر کی گلی میں ٹرانزٹ کیمپس قائم کرے گا، ماحول دوست جھونپڑیاں (ہٹس) تعمیر کی جائیں گی اور ایک وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم شروع کی جائے گی۔وزیر برائے جنگلات و ماحولیات جاوید احمد رانا نے آج پیر کی گلی کے دورے کے دوران اِس سلسلے میں محکمہ کے سینئر اَفسران کو موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں۔وزیر موصوف نے اِن اَقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات یاتریوں کے لئے ایک دیرپا اور خوشگوار ماحول فراہم کریں گے ساتھ ہی قدرتی حسن کا تحفظ بھی یقینی بنائیں گے۔محکمہ کی جانب سے یاتریوں کے لئے ٹرانزٹ کیمپس تعمیر کئے جائیں گے تاکہ انہیں آرام دہ اور مکمل سہولیات سے آراستہ قیام گاہیں میسر آ سکیں۔اِسی طرح ماحول دوست ہٹس بھی بنائی جائیں گی جو سفر کرنے والوں کی ضروریات پوری کریں گی اور قدرتی ماحول کو نقصان پہنچائے بغیر قیام کا بہتر تجربہ فراہم کریں گی۔اِس کے علاوہ مغل روڈ کے ساتھ وسیع پیمانے پر شجرکاری کی جائے گی تاکہ سرسبز ماحول کو فروغ دیا جا سکے اور ماحولیاتی توازن قائم رکھا جا سکے۔وزیر جاوید احمد رانا نے دورے کے دوران ہیرپورہ وائلڈ لائف سینکچری کا بھی معائینہ کیا اور اُنہوں نے وہاں مارخور کی افزائش و تحفظ کے لئے جاری کوششوں کا جائزہ لیا۔ اِس موقعہ پراُنہوں نے غیر روایتی نقل مکانی کرنے والے چرواہوں کی طرف سے مویشیوں کی چراگاہوں کے اِستعمال اور اِنسانی سرگرمیوں کے مارخور اور اس کے مسکن پر پڑنے والے اثرات کا بھی بغور جائزہ لیا۔وزیر موصوف نے ہیرپورہ وائلڈ لائف سینکچری میں بروقت گرے ہوئے درختوں کو ہٹانے کی ہدایت دی تاکہ جنگلات میں آگ لگنے کے امکانات کو کم کیا جا سکے اور ماحولیاتی نظام صحت مند رہے۔اُنہوں نے وائلڈ لائف کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ مقامی آبادی کے ساتھ روابط قائم کریں تاکہ دیرپا روزگار کو فروغ دیا جا سکے اور مارخور کے مسکن پر انسانی اثرات کو کم کیا جا سکے۔اُنہوں نے زور دیا کہ پیر پنجال مارخور اور اس کے مسکن کے تحفظ کے لئے توجہ مرکوز اقدامات کئے جائیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں جموں و کشمیر حکومت خطے کے قدرتی وسائل کے تحفظ اور دیرپا ترقی کے فروغ کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوںنے کہا کہ مغل روڈ پر شروع کئے گئے یہ اقدامات ایک وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہیں جس کا مقصد معاشی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن قائم کرنا ہے تاکہ خطے کے ماحولیاتی نظام اور مقامی آبادیوں کے لئے ایک بہتر مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔