جموں میں وائلڈ لائف ریسکو وہیکل بیڑے کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا
جموں//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات و قبائلی اَمور جاوید احمد رانانے جنگلی حیات سے متعلق تصادم کو کم کرنے کے لئے ایک اہم پیش رفت کے طور پر آج جموں سے 10 خصوصی وائلڈ لائف ریسکو گاڑیوں کے بیڑے کو ہری جھنڈی دِکھا کرروانہ کیا۔یہ نئی گاڑیاں یونین ٹیریٹری بھر میں قائم وائلڈ لائف کنٹرول روموں کی آواجاہی کو مضبوط بنانے بالخصوص حساس اور خطرے سے دوچار علاقوں میں انسانی اور جنگلی حیات کے تصادم کے واقعات سے نمٹنے میں فوری ردِّعمل کو یقینی بنانا ہے۔اِس موقعہ پر جاوید احمد رانا نے بات کرتے ہوئے جنگلی حیات کے بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کی فوری ضرورت پر زور دیا جو سنگین ، سماجی، معاشی اور حفاظتی چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے محکمہ جنگلی حیات سے اِنسانی جان و مال کے تحفظ اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کو جانوروں کے روئیے اور اَحتیاطی تدابیر کے بارے میںبیداری پیداکرنے کے لئے مختلف سطحوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ اِنسان اور جنگلی حیات کے درمیان تصادم کو کم کیا جا سکے۔وزیرموصوف نے کہا،’’وائلڈ لائف ریسکیو وہیکل بیڑے سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ردِّعمل کے وقت کو نمایاں طور پر کم کرے گا اور محکمہ کو تصادم کے حالات میں مؤثر انداز میں کام کرنے کی صلاحیت فراہم کرے گاجس سے دونوں کی حفاظت ہوگی۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ تحفظ اور ترقی کے درمیان توازن قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ باہمی بقائے باہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے کہا،’’ہمیں ایسے دیرپا حل تلاش کرنے ہوں گے جو اِنسانوں کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کے تحفظ کو بھی یقینی بنائیں۔‘‘ جاوید احمد رانانے محکمہ جنگلی حیات پر زور دیا کہ وہ ملک کے ان علاقوں سے بہترین طریقے سیکھے جہاں انسانی جنگلی حیات تصادم کو کامیابی سے قابو میں رکھا گیا ہے۔اُنہوں نے زمینی سطح پر درپیش چیلنجوںکے باوجود اِنسانی جنگلی حیات کے تعامل کو مؤثر انداز میں سنبھالنے پر محکمہ جنگلات کی کوششوں کو سراہا۔










