بڈگام میں روایتی کشمیری لوک ڈرامہ “گجہ صاحب” کی شاندار پیشکش

سرینگر //سویٹ اسکرین پروڈکشنز سرینگر نے اے آئی ای ایم ایس انٹرنیشنل پری سیکنڈری اسکول مونچھوا بڈگام میں اپنے معروف کشمیری لوک ڈرامہ “گجہ صاحب” کا کامیاب اسٹیج مظاہرہ پیش کیا۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق ڈرامے کی پیشکش سنگیت ناٹک اکیڈمی، نئی دہلی کے مالی معاونتی پروگرام (2023-24) کے تحت عمل میں آئی۔ڈرامے میں کشمیری لوک تھیٹر کی قدیم روایات کو نہایت مؤثر انداز میں پیش کرتے ہوئے اہم سماجی اور ثقافتی اقدار کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ، اساتذہ اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فنکاروں کی شاندار اداکاری کے ساتھ ساتھ کشمیری ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔اس پروگرام کا مقصد نئی نسل کو کشمیر کی روایتی فنونِ اداکاری سے روشناس کرانا اور ان میں لوک ثقافت سے وابستگی اور دلچسپی پیدا کرنا تھا۔ اسکول انتظامیہ نے سویٹ اسکرین پروڈکشنز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے طلبہ کو روایتی کشمیری لوک تھیٹر کو براہِ راست دیکھنے اور سمجھنے کا بہترین موقع ملا۔سویٹ اسکرین پروڈکشنز نے اس موقع پر کشمیری روایتی تھیٹر کے فروغ کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سنگیت ناٹک اکیڈمی نئی دہلی کی مسلسل سرپرستی اور تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔