بدرکوٹ ٹنگمرگ میں شاندار مشاعرہ، شعرا کی بھرپور شرکت
توصیف رضا
ٹنگمرگ: بزمِ ادب گلمرگ کشمیر کے زیرِ اہتمام بدرکوٹ، ٹنگمرگ میں ایک شاندار اور یادگار مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں وادیٔ کشمیر کے مختلف علاقوں، بالخصوص ٹنگمرگ سے تعلق رکھنے والے شعراء، ادباء اور ادب دوست حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مشاعرے کی صدارت وادیٔ کشمیر کے معروف شاعر ہلال کشمیری نے کی، جبکہ ممتاز ادبی شخصیات محمد اکبر کلان اور میر افروز ایوانِ صدارت میں موجود رہے۔ مشاعرے کی نظامت معروف ادبی شخصیت عبدالمجید کانلو نے اپنے منفرد اور دلنشیں انداز میں انجام دی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔
مشاعرے میں شریک شعراء نے حمد، نعت، غزل اور نظم کے ذریعے اپنے تخلیقی جوہر پیش کیے، جنہیں سامعین نے بھرپور داد و تحسین سے نوازا۔ بزمِ ادب گلمرگ کے تمام اراکین بھی اس ادبی نشست میں شریک ہوئے، جس سے تقریب مزید باوقار اور پُررونق بن گئی۔
مشاعرے کے اختتام کے فوراً بعد ایک علمی و ادبی نشست کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں زبان و ادب سے متعلق مختلف موضوعات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ خصوصاً چند الفاظ کے لغوی، مفہومی اور معنوی پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جس میں شرکاء نے اپنی علمی آراء اور ادبی تجربات کا اظہار کیا۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی ادبی سرگرمیاں نہ صرف تخلیقی صلاحیتوں کو جِلا بخشتی ہیں بلکہ زبان و ادب کے فروغ، فکری مکالمے اور نئی نسل میں ادبی ذوق پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔










