Record improvement in night temperature after fresh snowfall in upper regions

بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کے بعد شبانہ درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ

28دسمبر تک مجموعی طو رپر موسم خشک رہنے کا امکان ، بیچ میں ہلکی برفباری اور بارشوں کو رد نہیں کیا جا سکتا

سرینگر // موسمی صورتحال میں تبدیلی کے بیچ جہاں بالائی علاقوں میں تازہ برفباری اور میدانی علاقوں میں رم جم بارشیں ہوئی اور ابر آلود آسمان کے چلتے وادی کشمیر میں برفباری کے بعد شبانہ حرارت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔تازہ برفباری کے بعد شہرہ آفاق گلمرگ منفی 6ڈگری سیلشس کے ساتھ سرد ترین علاقہ رہا ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ ایک ہفتے کیلئے مجموعی طور پر موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق موسمی صورتحال میں تبدیلی آتے ہی پیر پنچال کے آر پار تازہ برفباری ہوئی ۔ سرینگر سمیت وادی کے دیگر میدانی اضلاع میں رم جم بارشیں ہوئی تاہم بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری درج ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں رات کے درجہ حرارت میں کافی بہتری درج کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت منفی 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح سے قاضی گنڈ میں بھی کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.0 ڈگری سیلشس جبکہ مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.5 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ تازہ برفباری کے بعد شہرہ آفاق گلمرگ سرد علاقہ درج ہو جہاں رات کا درجہ حرارت منفی 6ڈگری سیلشس درج ہوا ۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے موسمی صورتحال مینں بتدریج بہتری آئی گی جس کے بعد مجموعی طور پر آنے والے سات دنوں تک موسم خشک رہے گا ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ آنے والے دنوں کے دوران وادی کے لوگوںکو سخت سردی کا سامنا کرنا پڑے گا اور ا س مدت کے دوران درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ہوگی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں کے دوران موسم خشک رہے گا تاہم درجہ حرارت مزید گر جائے گا اور وادی کے لوگوں کو شدید سردی کا سامنا کرناپڑے گا۔ادھر شہر سرینگر سمیت وادی بھر میں سخت ترین ٹھنڈ جاری رہی اور دن کے وقت بھی لوگوں کو آنے جانے میں سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ رات کے وقت سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کے بعد لوگ اضافی بسترے ، کمبل ، گرم ملبوسات اور روم ہیٹر و واٹر بوتل جیسی چیزیں خریدنے پر مجبور ہورہے ہیں اور متعلقہ دکاندار لوگوں کی مجبوری یا ضرورت کا خوب فائدہ اٹھارہے ہیں اور انہوں نے یکایک ان سبھی چیزوں کی قیمتوں میں من مانے طور اضافہ کر دیا ہے ۔ادھر صوبہ جموں، جو کشمیر کے نسبت گرم خطہ ہے، میں بھی سردی کی لہر ہر گذرتے دن کے ساتھ اپنے تیکھے تیور دکھا رہی ہے۔