سری نگر//ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنگلات و ماحولیات دھیرج گپتا نے ٹیگور ہال سری نگر میں منعقدہ ’عالمی یوم ماحولیات‘ کی تقریبات کی صدارت کی۔محکمہ ایکولوجی، ماحولیات اور ریموٹ سنسنگ اور امر سنگھ کالج سری نگرکی طرف سے مشترکہ طور پر منعقد کئے جانے والے اِس تقریب کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا جس کا موضوع’’لینڈ ریسٹوریشن ، ڈیزاڈیفکیشن اینڈ ڈرائوٹ رزی لینس ‘‘تھا جو دُنیا بھر میں پانی کے دباؤ اور زمین کے انحطاط کے بڑھتے ہوئے اثرات کو اُجاگر کرتا ہے۔

دھیرج گپتا نے دیگر محکموں اور تعلیمی اِداروں کے اِشتراک سے اس تقریب کے اِنعقاد کے لئے محکمہ جنگلات اِس کے معاون ونگوں کی ستائش کی۔ اُنہوں نے پنچایتی راج اِداروں اور دیگر شراکت داروںکو شامل کرتے ہوئے گرین جے کے مہم کے تحت 2023-24 ء میں 180 لاکھ پودے لگانے کے علاوہ حکومت کی طرف سے تفویض کردہ مختلف ڈیلیور ایبلزکے تحت اعلیٰ اہداف حاصل کرنے کے لئے محکمہ جنگلات کی تعریف کی۔ اُنہوں نے ہریالی مہم اور دیگر اَقدامات میں محکمہ جنگلات کی مدد کرنے میں جموں و کشمیر کے لوگوںکے کردار کی سراہنا کی۔فائنانشل کمشنر نے مختلف پینٹنگز کا معائینہ کیا اور دیگر سینئر افسران کے ہمراہ امر سنگھ کالج کیمپس میں شجرکاری پروگرام میں حصہ لیا۔اِس موقعہ پرپرنسپل چیف کنزرویٹر آف فارسٹ (ایچ او ایف ایف) روشن جگی نے خطاب کرتے ہوئے قدرتی وسائل کے اِنتظام اور تحفظ میں درپیش چیلنجوں پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ’ماحولیاتی عالمی دن‘ ہمیں اس ماحول کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنے کا موقعہ فراہم کرتا ہے جس میں ہم رہتے ہیں اور اس حقیقت پر بھی غور کرنے کا موقعہ فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کے لئے کیا چھوڑ کر جائیں گے۔ اُنہوں نے آبی وسائل کے دیرپا اِستعمال اوربالخصوص موسم گرما کے دوران پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے علاقوں میں پانی ذخیرہ کرنے کے ڈھانچے بنانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے ہر شراکت دار پر زور دیا کہ وہ ہماری جھیلوں، ویٹ لینڈز اور ندی نالوں کے تحفظ اور تحفظ کی کوششوں میں شراکت داری کریں۔اُنہوں نے بتایا کہ اِس دِن شجرکاری مہم، گرین مارچ، سائیکل ریلیاں، پلاسٹک صفائی مہم، سیاحوں سے بات چیت، آبی ذخائر کی صفائی، صفائی ستھرائی کے اَقدامات، مباحثے اور مصوری مقابلوں کا اِنعقاد کیا گیا ہے تاکہ ہمارے ماحول کے تحفظ کی ضرورت اور اہمیت کے بارے میںبیداری پھیلائی جا سکے۔پرنسپل اَمر سنگھ کالج پروفیسر شیخ اعجاز بشیر نے ماحولیاتی تحفظ کے لئے زمینی سطح پر مختلف مہمات کی شکل میں اقدامات جاری رکھنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارے ویٹ لینڈز اور ندی نالوں اور دیگر زمینی شکلوںکے پانی کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے کوششوں کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے پورے جموں و کشمیر میں تمام ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور بحالی کے لئے حل تلاش کرنے پر بھی زور دیا۔ ’عالمی یوم ماحولیات ‘کے موقعہ پر فلم کی سکریننگ کے علاوہ ون پوش، نظر ثانی شدہ ایس اے پی سی سی کی ڈرافٹ رپورٹ اور امر سنگھ کالج کی طرف سے تیار کردہ فلائر سمیت اِشاعتیں بھی جاری کی گئیں۔ اِس کے علاوہ اِی آئی اے سی پی پروجیکٹ کے تحت مختلف تعلیمی اِداروں میں ڈِی اِی اِی آر ایس۔اِی آئی اے سی پی کی جانب سے کی جانے والی سرگرمیوں کے فاتحین کو انعامات بھی دیئے گئے۔اِس موقعہ پرڈائریکٹر محکمہ ایکولوجی، ماحولیات اور ریموٹ سنسنگ ایس راکیش کمار، ایڈیشنل پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فارسٹ،سربراہان اور دیگر سینئر افسروںکے علاوہ این جی اوز کے نمائندگان، کالج کے طلبأ اور عملہ بھی موجود تھا۔










