حادثے میںجان بحق ہونے والوں کے لواحقین کو 5لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان
پونچھ//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ساوجیاں میں ایک المناک سڑک حادثے میں زخمی ہوئے شہریوں کی عیادت کے لئے ضلع ہسپتال پونچھ کا دورہ کیا اور زخمیوں کے لواحقین اور ڈاکٹروں سے ملاقات کی۔اُنہوں نے حادثے میں جان بحق ہونے والوں کے لواحقین کے لئے 5لاکھ روپے اور شدید زخمی ہونے والوں کے لئے ایک لاکھ روپے فی کس ایکس گریشیا کا اعلان کیا ۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسوسناک حادثے میں جانوں کے ضیاع پر دُکھ کا اِظہا رکرتے ہوئے پولیس او رسول حکام کو زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرنے کی ہدایت دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ساوجیاں پونچھ میں سڑک حادثہ میں ہونے والے جانی نقصان پر غمزدہ ہوں۔ سوگوار کنبوںکے ساتھ مجھے دلی ہمدردی ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں‘‘۔چھ شدید زخمی شہریوں کو علاج کے لئے ہوائی جہاز سے جموں لے جایا گیا ہے۔










