عمر عبداللہ کو حکومت بنانے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں
سرینگر//کانگریس کے بزرگ رہنما اور جموں و کشمیر کے سابق گورنر کرن سنگھ نے بدھ کو “آزادانہ اور منصفانہ” اسمبلی انتخابات کے انعقاد پر بہت اطمینان کا اظہار کیا اور زور دے کر کہا کہ اگلا منطقی قدم جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ بحال کرنا ہے۔انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ جائیداد کے حصول کے سلسلے میں اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں موجود لوگوں کی طرح جموں کشمیر میں بھی ڈومیسلیری پروویڑنز متعارف کرائے جائیں۔کشمیرنیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق سابق مرکزی وزیر اور سابقہ ریاست جموں و کشمیر کے سابق صدر ریاست نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے کشمیر میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ بی جے پی نے جموں میں ایسا ہی کیا ہے۔تاہم، بی جے پی نے کشمیر میں اور کانگریس نے جموں میں ایک خالی جگہ بنائی ہے۔ اس طرح دونوں خطوں کے درمیان ایک واضح اور تیز سیاسی تقسیم ہے جس پر نئی حکومت کے لیے انتظامی طور پر قابو پانا ایک چیلنج ہو گا،‘‘ 93سالہ رہنما نے ایک بیان میں ان باتوں کا اظہار کیا،سنگھ نے کہا کہ یہ انتہائی اطمینان کی بات ہے کہ دس سال کے طویل عرصے کے بعد جموں و کشمیر میں بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے “آزادانہ اور منصفانہ” انتخابات ہوئے جس کے لیے الیکشن کمیشن اور سیکورٹی فورسز تعریف کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں عمر عبداللہ کو اس ہفتے کے آخر میں حکومت بنانے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان کے کامیاب دور کی خواہش کرتا ہوں۔










