سری نگر//حکومت جموں وکشمیر نے جمعرات کو اپنے ملازمین کو اپنی سالانہ جائیدادکے گوشوارے کی تفصیلات رواںماہ کے آخر تک جمع کرانے کی یاددہانی کرانے کیساتھ ساتھ خیبردارکیاہے کہ ایسا نہ کرنے پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں تعینات حکومت کے ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر محمدعثمان خان(جے کے اے ایس)کی جانب سے 25جنوری 2023کوجاری کردہ نوٹس میں 22دسمبر2022کوجاری کئے گئے ایک سرکیولر زیرنمبر52-JK(GAD)آف2022کاحوالہ دیتے ہوئے یہ یاددہانی کرائی ہے کہ جموں و کشمیر حکومت کے تحت کام کرنے والے تمام ملازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ PRS پورٹل پر سال2022 کیلئے اپنی سالانہ پراپرٹی گوشورے کی تفصیلات جمع کریں، جو https://prs.jk.gov.in پریکم جنوری2023سے31جنوری2023تک قابل رسائی ہے۔تازہ یاددہانی نوٹس میں کہاگیاہے کہ ملازمین کی ایک قابل قدر تعداد نے ابھی تک اپنی جائیداد کے گوشوارے جمع نہیں کرائے ہیں۔ ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر محمدعثمان خان نے ملازمین کو یاددلایاہے کہ اپنی جائیداد کے گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ31 جنوری2023 مقرر کی گئی ہے، اس کے بعد پورٹل خود بخود ملازمین کی جائیداد کے گوشوارے جمع کرانے کو قبول نہیں کرے گا اور اس کے علاوہ، کسی بھی صورت میں دستی جمع کرانے کو قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ یہ واضح کیا جاتا ہے کہ جائیداد کے گوشوارے جمع نہ کرنے والے یا ایسے نادہندہ ملازمین کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی کی دعوت دی جائے گی اور اس کے نتیجے میں ویجی لنس کلیئرنس سے انکار بھی ہو گا۔جاری نوٹس کے مطابق، حکومت جموں وکشمیر نے ان تمام ملازمین کو ہدایت کی جنہوں نے ابھی تک سال2022 کیلئے اپنے سالانہ جائیداد کے گوشوارے جمع نہیں کرائے ہیں،وہ،31 جنوری2023 کی مقررہ ٹائم لائن سے پہلے فوری طور پر جمع کروا دیں۔جاری نوٹس میں مزید کہاگیاہے کہ تمام ڈرائنگ اور ڈسبرسنگ آفیسرز (DDOS) کو مزید حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنے محکموں واداروں کے تمام ملازمین کی طرف سے اپنی سالانہ جائیدادکے گوشوارے جمع کرنے کے سلسلے میں تعمیل کو یقینی بنائیں۔ مزید برآں، انتظامی محکمے اس سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیں گے۔










