بھارت افغانستان میں بے گناہ شہریوں پر کسی بھی حملے کی واضح طور پر مذمت کرتا ہے / خارجہ ترجمان
سرینگر // اپنی اندرونی ناکامیوں کا الزام پڑوسیوں پر ڈالنے کی پاکستان کی پرانی عادت قرار دیتے ہوئے وزارت خارجہ ترجمان نے کہا کہ بھارت افغانستان کے شہری علاقوں میں پاکستان کے فضائی حملے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق ایک پریس کانفرنس کے دوران وزرات خارجہ ترجمان نے افغانستان میں فضائی حملوں پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ فضائی حملے کے بارے میں پوچھے جانے پرہندوستان کی وزارت خارجہ کے سرکاری ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ ہندوستان بے گناہ شہریوں پر کسی بھی حملے کی واضح طور پر مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم نے خواتین اور بچوں سمیت افغان شہریوں پر فضائی حملوں کے بارے میں میڈیا رپورٹس کو نوٹ کیا ہے، جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ ہم معصوم شہریوں پر کسی بھی حملے کی بلاشبہ مذمت کرتے ہیں۔ یہ پاکستان کا پرانا طرز عمل ہے کہ وہ اپنے پڑوسیوں پر الزام لگاتا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سلسلے میں ایک افغان ترجمان کے ردعمل کو بھی نوٹ کیا ہے۔26 دسمبر کو پاکستانی فوجی طیاروں نے افغانستان کے مشرقی صوبے پکتیکا میں فضائی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 46 افراد ہلاک ہوئے، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی تھی۔افغان طالبان نے حملے کا جواب دینے کے اپنے ارادے کا اعلان کیا۔ ایک پریس ریلیز میں، افغان وزارت خارجہ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے معصوم شہریوں پر حملہ قرار دیا۔ بیان میں پاکستان کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ ہمسایہ ممالک کو اندرونی مسائل کے لیے مورد الزام ٹھہرانا پاکستان کا ایک طویل عرصہ سے رواج رہا ہے۔










