جموں//پرنسپل سیکرٹری محکمہ تعلیم آلوک کمار نے آج جموں میں منعقدہ ایک تقریب میں ممتاز جموں وکشمیر کیرئیر گائیڈنس پورٹل ’منزلیں 2.0‘‘ کا آغاز کیا ۔ سرکاری سکولوں میں نویں سے بارہویںجماعت کے طلباء کو کیرئیر کی رہنمائی فراہم کرنے کے لئے ’’ منزلیں‘‘کے عنوان سے کیرئیر پورٹل یونیسف اِنڈیا کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ صوبہ جموں میں www.jkcareerportal.org منفرد آدھار شیلا آئی ڈیز اور صوبہ کشمیر میں ایل ایم ایس آئی ڈیز کے ذریعے نویں سے بارہویں جماعت تک کے سرکاری سکولوں کے تمام طلباء کے لئے قابل رسائی ہے۔یہ پورٹل طلباء کو 555 سے زیادہ کیرئیر ، 21,000 کالجز ، 16ممالک میں 2,62,000 پروگرامز اور 1,150 داخلہ اِمتحانات ، پیشہ ورانہ کورسز اور 1,120 سکالر شپس کی تلاش میں مدد فراہم کرے گا۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے آلوک کمار نے طلباء کے فائدے کے لئے اِس پورٹل کو تیار کرنے کے لئے یونیسف اِنڈیا کا شکریہ اَدا کیا او راُنہوں نے مزید کہا کہ یہ پورٹل طلباء کو کیر ئیر کے مختلف کورسز تک رَسائی حاصل کرنے میں مدد دے گا اور وہ اَپنی خواہشات ، دلچسپی اور اہلیت کے مطابق اَپنے کیرئیر کا راستہ منتخب کرسکتے ہیں۔پرنسپل سیکرٹری نے ٹیچر کونسلروں سے کہا کہ وہ طلباء کو پورٹل کے ذریعے اِس کے فوائد حاصل کرنے میں مدد کریں۔ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں ڈاکٹر روی شنکر شرما نے اَپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ این اِی پی ۔2020 طلباء کی بروقت کیرئیر گائیڈنس پر بھی زور دیتا ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ پورٹل ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن جموں کی کوششوں کی تکمیل کرے گا تاکہ طلباء کو حقیقی اہداف طے کر کے ان کی خواہشات کو پورا کرنے کے لئے کیر ئیر گائیدنس فراہم کی جاسکے۔یونیسف کے ماہر تعلیم دانش عزیز نے منزلیں کیرئیر پورٹل 2.0 کے بارے میںمعلومات فراہم کیں۔طلباء اور اساتذہ نے سکولوں میں مشاورتی اقدامات کے حوالے سے اپنی قیمتی آراء شیئر کیں۔اس موقعہ پر ڈسٹرکٹ کونسلنگ کوآرڈی نیٹروں، ڈسٹرکٹ کونسلروں، زونل کونسلنگ کوآرڈی نیٹروں، ٹیلی کونسلروں، فیکلٹی کونسلر، کونسلنگ سیل ڈی ایس اِی جے کے ٹیم ممبران کو کونسلنگ اقدامات میں ان کے گراں قدر تعاون پر مبارک باد دی گئی۔اس موقعہ پر ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سدرشن کمار، ہیڈ آئی آئی ای ڈی سی این آئی ٹی سری نگرڈاکٹر سجاد پرویز، جوائنٹ ڈائریکٹر (جے ایس کے)صباح مہتا، ، فیلڈ سروسز کی چیف، یونیسیف انڈیامونیکا بھنڈاری، محترمہ جالپا رتنا،پرنسپل پولی ٹیکنک کالج اِنجینئر ارون بنگوترا، ، چیف اکاؤنٹس آفیسرڈی ایس اِی جے سورج سنگھ راٹھور، چیف ایجوکیشن آفیسر جموں موجود تھے۔اِس تقریب کااِنعقاد کونسلنگ سیل ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن جموں نے آئی آئی ڈی اِی سی این آئی ٹی سری نگر کے موو بی یانڈ اَپ سٹارٹ کے اشتراک سے کیا تھا اور اس کی کوآرڈی نیشن کے فرائض ڈاکٹر الکا شرما نے اَنجام دی تھی۔










