ڈاکٹر فاروق “بھارت جوڑو یاترا” میں شامل ہونے کیلئے لکھن پور میں راہول گاندھی کا استقبال کریں گے
سری نگر//جموں کشمیر میں آنے والے اسمبلی انتخابات روایت سے ہٹ کر لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں آئندہ الیکشن سڑکوں، بجلی اور پانی سے متعلق مسائل پر نہیں لڑا جائے گا بلکہ یہ ان مسائل پر لڑا جائے گا جو 5 اگست 2019 کے بعد سامنے آئے ہیں۔کشمیر نیوز سروس( کے این ایس) کے مطابق کہ سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ڈورو اننت ناگ کے آڈیٹوریم ہال میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “جموں و کشمیر میں اگلے انتخابات مختلف طریقے سے لڑے جائیں گے اور یہ انتخابات سڑکوں، بجلی اور پانی سے متعلق مسائل پر نہیں لڑے جائیں گے بلکہ یہ ان مسائل پر لڑے جائیں گے جو 5 اگست 2019 کے بعد سامنے آئے۔ ایک سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے جواب دیا کہ نیشنل کانفرنس کے صدر اور موجودہ رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ لکھن پور میں کانگریس لیڈر راہول گاندھی کا بھارت جوڑو یاترا کو جموں و کشمیر میں لے جانے کے لئے خوش آمدید کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات صحیح ہے کہ “ڈاکٹر فاروق عبداللہ لکھن پور میں راہول گاندھی کا جموں و کشمیر میں بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہونے کا خیرمقدم کریں گے۔”انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز کانفرنس نے نیشنل کانفرنس پر جو بھی الزام لگائے اس کا مناسب وقت پر جواب دیا جائے گا۔سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوست بدلے جا سکتے ہیں لیکن پڑوسی نہیں بدل سکتے اور انڈیا کے سابق وزیراعظم “آنجہانی اٹل بہاری واجپائی نے کہا تھا کہ دوست بدلے جا سکتے ہیں لیکن پڑوسی نہیں بدل سکتے۔ لہٰذا برصغیر میں امن کو یقینی بنانے کے لیے ہمارے پڑوسی ممالک – پاکستان اور چین – کے ساتھ قابل عمل ماحول قائم کرنے کی ضرورت ہے”۔










