سری نگر//اِنتظامی کونسل کی ایک میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں جموں و کشمیر کی بدھسٹ اقلیت ’’بوٹ ٹرائب‘‘کے سلسلے میں جموں و کشمیر پولیس میں بھرتی کے لئے جسمانی معیار میں 2 اِنچ کی چھوٹ دینے کی منظوری دی گئی۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر،چیف سیکرٹری اَتل ڈولو اور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری مندیپ کمار بھنڈاری نے شرکت کی۔دیگر زُمروں کے لئے مرد اُمیدواروں کے لئے کم سے کم اونچائی کا معیار 5’6 اِنچ اور خواتین اُمیدواروں کے لئے 5’2 اِنچ مقرر کیا گیا ہے۔مرکزی حکومت نے سال 2023 ء میں آئین (جموں و کشمیر)شیڈول ٹرائب آرڈر 1989 کے تحت ’’بوٹ ٹرائب‘‘ کو درج فہرست قبائل کے طور پر نوٹیفائی کیا ہے۔اِس سے قبل ہمالین بدھسٹ کلچرل سوسائٹی پڈر ضلع کشتواڑ نے اس سلسلے میں لیفٹیننٹ گورنر کے سامنے نمائندگی پیش کی تھی۔ ضلع کشتواڑ کے سب ڈویژن پڈر کے 4 ریونیو دیہات یعنی ہنگو، لوسین، کبان اور تون میں رہنے والے تین ہزار سے زائد بدھ مت کے پیروکار اس فیصلے سے مستفید ہوں گے۔










