روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے زرعی سکیموں کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اَتل ڈولو
سری نگر/ /ایڈیشنل چیف سیکرٹری زرعی پیداوار محکمہ اَٹل ڈولو نے آج ڈائریکٹوریٹ آف ایگری کلچر لال منڈی سری نگر کے مشروم اور فلوری کلچر سیکشن کا دورہ کیا۔اِس موقعہ پر فائنانشل کمشنر زرعی پیداوار اور بہبود کساناں محکمہ نے کہا کہ زراعت شعبے کی مجموعی ترقی کے لئے اِس سے منسلک وِنگوں جیسے مشروم ، فلوری کلچر ، اپیکلچروغیرہ کو مضبوط کرنا ضروری بن گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ مشروم کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لئے ایک منافع بخش ثابت ہوا ہے اوراِس لئے مشروم کی پیداوار کسانوں میں مقبول ہو رہی ہے ۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران سے کہا کہ وہ کاشت کاری میں زراعت سے منسلک سرگرمیوں جیسے مشروم کاشت کے بارے میںبیداری پیدا کریں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمارے خطے کے زرعی موسمی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے فلوری کلچر کا بھی بہت بڑا دائرہ ہے ۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران پر زور دیاکہ وہ حکمت عملی مرتب کریں تاکہ تعلیم یافتہ نوجوان کسانوں کوپھولبانی شعبے کی طرف راغب کیا جاسکے۔اِس سے قبل ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے مشروم اور فلوری کلچرسے منسلک وِنگوں کی پیداوار اورفروغ کے لئے محکمہ کی جانب سے مختلف سکیموں اور مداخلتوں کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی۔










