ٹاون میں کوئی فلائی اوور نہ ہونے کی وجہ سے دن بھر سڑکوں پر گاڑیوں کا ہجوم
سرینگر// جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ ٹاون میں ایک بھی فلائی اوور نہ ہونے کی وجہ سے بڑھتے ٹریفک دباوکی وجہ سے لوگوںکو شدید مشکلات کاسامناکرناپڑرہا ہے۔ ضلع اننت ناگ سرینگر اور جموں شہروں کے بعد تیسرے درج پر ہے جہاں پر ڈیولپمنٹ اور تجارتی و دیگر سرگرمیاں دیگر اضلاع سے زیادہ ہے اور ٹرانسپورٹ کا دباوبھی سب سے زیادہ اسی ضلع پر ہے کیوں کہ اسی ضلع سے سرینگر جموں شاہراہ بھی گزرتی ہے تاہم اس ضلع میں ایک بھی فلائی اوور تعمیر نہیں کیا گیا ہے۔ وائس آف انڈیا کے نمائندے کے مطابق جنوبی کشمیر کا ضلع اننت ناگ جموں کشمیر کا قدیم ضلع ہے اور سب سے بڑا ضلع بھی یہی تھا جس کے ساتھ پلوامہ، کولگام اور شوپیاں بھی تھا تاہم ان تین اضلاع کو بعد میں الگ کیا گیا۔ اس کے باوجود بھی اننت ناگ ضلع کی اہمیت اپنی جگہ برقرار ہے اور اس ضلع کا درجہ سرینگر اور جموں کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔ ضلع میں کئی سیاحتی مقامات بھی ہے اور سرینگر کے بعد اننت ناگ ٹاون میں سب سے زیادہ تجارتی سرگرمیاں ہوتی ہیں جس کی وجہ سے اننت ناگ میں ہر وقت ٹریفک کادباو رہتا ہے تاہم ٹاون میں کوئی فلائی اوور نہ ہونے کی وجہ سے لوگوںکو شدید مشکلات کاسامنا ہے۔ وی او آئی نمائندے امان ملک کے مطابق ٹریفک دن بدن بڑھتا جارہا ہے جس کی وجہ سے تنگ سڑکوں پر دن بھر ٹریفک جام رہتا ہے۔ سڑکوں کی کشادگی کا منصوبہ عملایا نہیں جاسکتا کیوں کہ سڑکوں کے دونوں کناروں پر بڑے بڑے شاپنگ کمپلیکس، مختلف دفاتر اور دکانات موجود ہے جن کو وہاں سے ہٹانا ناممکن ہے۔ لوگوں نے اس ضمن میں متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ ڈاک بنگلہ کھنہ بل ، سے جنگلات منڈی، ڈاگ بنگلہ کھنہ بل سے کے پی روڑ گلشن آباد تک فلائی اوور تعمیر کیا جائے تاکہ لوگوں کو راحت ملے۔










