امرناتھ یاتری کا گمشدہ بیگ آدھے گھنٹے میں برآمد

امرناتھ یاتری کا گمشدہ بیگ آدھے گھنٹے میں برآمد

یاتری جوڑے نے بروقت کارروائی پر سکیورٹی ونگ کا شکریہ ادا کیا

سرینگر// جموں و کشمیر پولیس کے سکیورٹی ونگ نے امرناتھ یاترا کے دوران بالہ تل بیس کیمپ پر ایک یاتری کا گمشدہ بیگ بروقت کارروائی کے بعد برآمد کرکے اس کے اصل مالک کے حوالے کر دیا۔ بیگ میں نقد رقم، زیورات، ایپل آئی فون اور اہم دستاویزات موجود تھیں، جو مکمل طور پر محفوظ حالت میں واپس مل گئیں۔یو این ایس کے مطابق پولیس کے مطابق یہ واقعہ 3 جولائی کی رات تقریباً 8 بجے پیش آیا، جب امرناتھ یاترا کے باعث بالتل کے ایکسرے اسکریننگ پوائنٹ پر یاتریوں کا غیر معمولی رش تھا۔ اسی دوران چھتیس گڑھ کے رہائشی روی پانگوانی اور ان کی اہلیہ نے پولیس کو اطلاع دی کہ ان کا ایک بیگ گم ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیگ میں نقد رقم، زیورات، ایپل آئی فون اور اہم دستاویزات موجود ہیں اور درخواست کی کہ فوری طور پر اس کی تلاش کی جائے۔اطلاع ملتے ہی جموں و کشمیر پولیس کے سکیورٹی ونگ نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری تلاشی مہم شروع کی۔ اس دوران سی سی ٹی وی مانیٹرنگ ٹیم کی مدد حاصل کی گئی اور نگرانی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لینے پر ایک شخص کو گمشدہ بیگ لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔بعد ازاں مقامی خیمہ آپریٹروں نے اس شخص کی شناخت غلام رسول کے طور پر کی، جو بالتل بیس کیمپ میں ایک خیمہ چلاتا ہے۔ پولیس نے تقریباً تیس منٹ کے اندر غلام رسول کو تلاش کرکے اس کے خیمے سے بیگ برآمد کر لیا۔ اس خیمے میں مدھیہ پردیش سے آئے ارون پلاڈھا کی قیادت میں آٹھ یاتری قیام پذیر تھے۔یو این ایس کے مطابق پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ غلام رسول نے یاتریوں کے سامان کے ساتھ یہ بیگ غلطی سے اٹھا لیا تھا اور اسے دیگر سامان کے ساتھ اپنے خیمے میں رکھ دیا تھا۔ پولیس نے واضح کیا کہ تحقیقات کے دوران کسی بھی مرحلے پر بیگ کو جان بوجھ کر اپنے قبضے میں رکھنے یا اس میں موجود سامان ہڑپ کرنے کی نیت کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔بعد ازاں بیگ روی پانگوانی اور ان کی اہلیہ کے حوالے کیا گیا۔ دونوں نے سامان کی جانچ کے بعد تصدیق کی کہ بیگ میں موجود نقد رقم، زیورات، ایپل آئی فون اور تمام اہم دستاویزات مکمل طور پر محفوظ ہیں۔جموں و کشمیر پولیس کے مطابق یاتری جوڑے نے بروقت کارروائی، پیشہ ورانہ انداز اور گمشدہ سامان کی بحفاظت بازیابی پر سکیورٹی ونگ کے اہلکاروں کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی ایمانداری اور فرض شناسی کو سراہا۔