amarnath yatra

امرناتھ یاتریوں کی گاڑی جموں،سری نگر شاہراہ پر الٹ گئی

6 یاتری زخمی،ایک یاتری کی حالت تشویشناک،5 زیر علاج

سرینگر// جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں جمعہ کو جموں،سری نگر قومی شاہراہ پر امرناتھ یاتریوں کو لے جانے والی ایک گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں چھ یاتری زخمی ہو گئے، جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔سرکاری حکام کے مطابق حادثہ ادھم پور-چنینی شاہراہ پر ٹولڈی نالہ کے قریب اس وقت پیش آیا جب یاتریوں کو پہلگام بیس کیمپ لے جانے والی گاڑی بے قابو ہو کر سڑک سے پھسل گئی اور الٹ گئی۔یو این ایس کے مطابق تمام زخمی مدھیہ پردیش کے ضلع ریوا کے بیکنٹھ پور علاقے کے رہائشی ہیں۔ زخمیوں کو سی آر پی ایف، بھارتی فوج، سول ڈیفنس، ٹریفک پولیس اور جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں نے فوری طور پر بچا کر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ادھم پور منتقل کیا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک یاتری کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اسے بہتر علاج کے لیے جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا ہے، جبکہ دیگر پانچ زخمیوں کی حالت مستحکم ہے اور ان کا علاج جی ایم سی ادھم پور میں جاری ہے۔منوج سنہا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ انہیں حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ڈویڑنل کمشنر جموں، ڈپٹی کمشنر ادھم پور اور جی ایم سی جموں و ادھم پور کے طبی حکام کو زخمی یاتریوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔یو این ایس کے مطابق حادثے کے بعد ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ادھم پور-ریاسی رینج شیو کمار، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امرت پال سنگھ، ڈپٹی کمشنر منگا شیرپا اور سی آر پی ایف کے کمانڈنٹ منوج سیکون نے جی ایم سی ادھم پور کا دورہ کرکے زخمی یاتریوں کی عیادت کی۔ ضلعی انتظامیہ نے زخمیوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ادھر مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے بھی بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی انہوں نے ڈپٹی کمشنر ادھم پور منگا شیرپا سے رابطہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ زخمی یاتریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کا دفتر مسلسل ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔