اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس میں نگران وزیراعظم کی شرکت کا امکان

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے 78ویں اجلاس میں شرکت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جو 5 ستمبر کو شروع ہوگا۔
مانیٹرنگ کے مطابق اگر یہ دورہ واقعی ہو جاتا ہے، تو انوار الحق کاکڑ بظاہر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے پہلے نگران وزیر اعظم ہوں گے۔
اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق باقاعدہ اعلیٰ سطح کا اجلاس 19 ستمبر کو شروع ہوگا، اس روز عالمی رہنما اجلاس سے خطاب کریں گے۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی سفارت کاروں نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پاکستان کے لیے ایک سلاٹ بک کر لیا ہے اور اس حوالے سے اسلام آباد سے مزید ہدایات کا انتظار کر رہے ہیں۔
رواں ہفتے کے اوائل میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 26جنوری کو ماحول دوست توانائی کا عالمی دن منانے کے لیے پاکستان اور پاناما کی جانب سے مشترکہ طور پر پیش کی گئی قرارداد کی منظوری دے دی۔
193رکنی جنرل اسمبلی نے ماحولیات کے تحفظ کے لیے پیش کردہ اس قرارداد کے متن کی بغیر ووٹنگ کے منظوری دی، 26 جنوری توانائی کے وسائل کے پائیدار استعمال کے بارے میں آگاہی اور ’گلوبل انرجی ٹرانزیشن‘ کو فروغ دینے کے لیے اقوام کے درمیان تعاون کو مضبوط کرنے کا ایک پلیٹ فارم بن جائے گا۔ رکن ممالک کے نام ایک خط میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے 78 ویں اجلاس کے منتخب صدر ڈینس فرانسس نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کا موضوع ’اعتماد کی تعمیر نو اور عالمی یکجہتی کی بحالی: ایجنڈہ 2030اور اس کے پائیدار ترقی کے اہداف امن، خوشحالی، سب کے لیے ترقی‘ پر کارروائی کو تیز کرنا ہوگا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اس تنظیم کا بنیادی پالیسی ساز ادارہ ہے، یہ تمام رکن ممالک پر مشتمل ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر میں شامل عالمی مسائل پر کثیر الجہتی بحث کے لیے ایک منفرد فورم فراہم کرتا ہے، اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں سے ہر ایک کا ووٹ برابر ہے۔