اصغر سامون نے ضلع کشتواڑ کا دو روزہ دورہ کیا

فیکلٹی ممبران ، ٹرینیز اور پی آر آئی ممبران سے بات چیت کی ، کام کاج اور انفراسٹرکچر کا جائیزہ لیا

کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے دو روزہ دورے کے دوران گورنمنٹ سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ جموں و کشمیر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے آج چیر ہر کشتواڑ میں گورنمنٹ پولی ٹیکنک کالج کے اکیڈمک بلاک کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر اسکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر سدرشن کمار بھی موجود تھے ۔ اس کے بعد پرنسپل سیکرٹری نے اے ڈی ڈی سی کشتواڑ شام لال ، اے سی ڈی کشتواڑ اتل دت شرما ، ، ایس ڈی ایم پاڈر ، تحصیلدار کشتواڑ ، ادرے کے پرنسپل ، ایچ او ڈی ، دیگر عملے کے ارکان اور پی ایچ ای اور پی ڈی ڈی کے انجینئروں کے ساتھ بات چیت کی ۔ اس کے بعد مسٹر سامون نے گورنمنٹ پولی ٹیکنک کالج ( عارضی رہائش ) کوتوال محلہ کشتواڑ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ادارے کے زیر اہتمام ثقافتی تقریب میں شرکت کی ۔ انہوں نے نمایاں طلباء کو انعامات سے نوازا ۔ پولی ٹیکنک کالج کے پرنسپل نے پرنسپل سیکرٹری ایس ڈی ڈی ڈاکٹر اصغر حسن سامون اور ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ جموں و کشمیر سدرشن کمار کو مومنٹوز پیش کئے ۔ بعد میں پرنسپل سیکرٹری نے آئی ٹی آئی کشتواڑ کا بھی دورہ کیا اور مختلف تجارتوں کا معائینہ کیا ۔ پرنسپل سیکرٹری ایس ڈی ڈی نے اپ گریڈ شدہ انفارمیشن ٹیکنالوجی لیب ، اپ گریڈ شدہ سی او پی اے ٹریڈ اور دو پوسٹ ہائیڈرولک لفٹ کا افتتاح کیا ۔ ان سب کو ایس ڈی ڈی کی سٹرائیو اسکیم کے تحت اپ گریڈ کیا گیا ہے ۔ دریں اثنا پرنسپل سیکرٹری نے سپرنٹنڈنٹ آئی ٹی آئی کشتواڑ مندیپ ڈوگرہ کو انسٹی ٹیوٹ کے تسلی بخش کام اور ترقی کیلئے سراہا ۔ قبل ازیں پرنسپل سیکرٹری نے یہاں ماٹی پاڈر میں گورنمنٹ انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پاڈر کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ ان کے ساتھ ڈائریکٹر ایس ڈی ڈی ، بی ڈی سی چئیر مین پاڈر ارپن سنگھ رانا ، ایس ڈی ایم چھاترو /سی ای او کشتواڑ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ، اے سی ڈی کشتواڑ ، پرنسپل آئی ٹی آئی کشتواڑ ، تحصیلدار پاڈر اور دیگر افسران موجود تھے ۔ ڈاکٹر سامون نے متعلقہ عمل آوری ایجنسیوں کو تعمیراتی کام کی مقررہ مدت میں تکمیل کیلئے ضروری ہدایات دیں تا کہ اسکل ڈیولپمنٹ فنکشنل کو کشتواڑ کے خواہشمند نوجوانوں تک مناسب طریقے سے پہنچایا جا سکے ۔ مقامی فنکاروں اور طلباء کی طرف سے ثقافتی آئٹم پیش کیا گیا جو اس تقریب کی توجہ کا مرکز رہا ۔ اس دوران پرنسپل سیکرٹری نے گلاب گڑھ میں گورنمنٹ آئی ٹی آئی پاڈر کی عارضی عمارت کا بھی معائینہ کیا اور پلمبر ، ٹیلرنگ اور کوپا ٹریڈز کے فیکلٹی ممبران اور ٹرینیز سے بات چیت کی اور کورس ورک اور انفراسٹرکچر کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا ۔ اس دوران انہوں نے مقامی پی آر آئیز سے بھی بات چیت کی اور ان کے مطالبات سُنے اور علاقے کے نوجوانوں کی مہارت کی اپ گریڈیشن اور ترقی کے حوالے سے تجاویز حاصل کیں ۔ علاقے میں سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے کے وسیع دائرہ کار کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے سی ای او کشتواڑ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پر زور دیا کہ وہ آئی ٹی آئی پاٖڈر کے ساتھ مل کر مہمان نوازی اور سیاحت سے متعلق مہارتوں کو بروئے کار لانے کیلئے پاڈر علاقے کے نوجوانوں کیلئے امکانات تلاش کریں تا کہ سیاحت کے شعبے میں خود روز گار پیدا کرنے کے مواقع کو بروئے کار لایا جا سکے ۔