کشی نگر:اترپردیش میں ضلع کشی نگر کے تمکو ہیراج تھانہ علاقہ کے تحت موہن بسڈیلا گاؤں کے اپر پرائمری اسکول کے کچن میں کثیرمقدار میں شراب پائے جانے کے سنسنی خیز واقعہ کے بعد بیسک تعلیم افسر (بی ایس اے) نے اسکول کے پرنسپل کو معطل کر دیا ہے۔جمعرات کو ضلع انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ اسکول کو شراب کا گودام بنانے کے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے بی ایس اے نے اسکول کے پرنسپل کو فوری طور پر معطل کردیا ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ اسکول کے پرنسپل کو اس بات کاعلم ہی نہیں کہ اسکول کا کچن شراب کے گودام میں تبدیل ہوچکا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق اس سرکاری اسکول کے کچن سے 52 کارٹون انگریزی شراب برآمد ہوئی ہے۔ اسے شراب کے تاجروں کی بے خوفی سے تعبیر کیا جا رہا ہے کہ شرب رکھنے کے لئے اسکول کے کچن کا استعمال کیا گیا۔ ضلع کے سروہی بلاک کے موہن بسڈیلا گاؤں میں واقع پرائمری اسکول میں بدھ کی دوپہر بچوں نے اسکول کے کچن کو تالا لگا دیکھا۔ کچن کی کھڑکی سے بچوں نے دیکھا کہ اس کے اندر کارٹون کی کوئی چیز رکھی ہوئی ہے۔ بچوں نے اس کی اطلاع گرام پردھان کو دی۔
اس پر پردھان کے بیٹے نے بہادر پور پولیس چوکی کو اس کی اطلاع دی۔ تھانہ تمکو ہیراج کے سب انسپکٹر سنتوش کمار سنگھ اور سب انسپکٹر بادشاہ سنگھ اپنی ٹیم کے ساتھ محکمہ ایکسائز کے افسران کو لے کرموقع پر پہنچے۔ انہوں نے اسکول کے پرنسپل سے ضروری معلومات اکٹھی کیں تو انہوں نے بتایا کہ جس کمرے سے شراب ملی ہے اس کے تالے کی چابی پردھان کے پاس ہے۔ اس کمرے میں پردھان اسکول کی باؤنڈری کی تعمیر کے لیے تعمیراتی سامان رکھتے ہیں۔










