سری نگر//متعدداراکین اسمبلی نے رابطہ‘ میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی اور انہیں اَپنے اَپنے حلقوں سے متعلق مختلف ترقیاتی اور عوامی مسائل سے آگاہ کیاجن پر حکومت کی توجہ کی ضرورت ہے۔وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ممبر قانون ساز اسمبلی بنی ڈاکٹر رمیشور سنگھ اور رُکن قانون ساز اسمبلی بانہال سجاد شاہین شامل تھے۔ اراکین اسمبلی نے اَپنے متعلقہ حلقوں سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی ترقی، عوامی خدمات اور دیگر امور سے متعلق کئی مسائل کو اُجاگر کیا۔وزیر اعلیٰ نے قانون سازوں کو بغور سُنا اور ان کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ ملاقات کے دوران پیش کئے گئے تمام حقیقی مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا اور مقررہ وقت میں ان کا اَزالہ کیا جائے گا۔اُنہوں نے حکومت کی مساوی ترقی اور جوابدہ طرزِ حکمرانی کے تئیں عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے ہر خطے کے لوگوں کے مسائل اور توقعات پرتوجہ دِی جاتی رہے گی تاکہ متوازن اور جامع ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔










