اتل ڈولو نے ارنیا میں کسان سمیلن میں شرکت کی

کہا یو ٹی میں 2 ہزار کسان خدمت سنٹر قائم کئے جا رہے ہیں تا کہ کسانوں کو ان کے دروازے پر سہولیات فراہم کی جا سکیں

جموں//جے کے ایڈوائیزری بورڈ فار ڈیولپمنٹ آف کسان نے آج سینی ریزورٹس ارنیا میں کسان سمیلن کا انعقاد کیا ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ( اے سی ایس ) محکمہ زراعت اتل ڈولو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ پروفیسر جے پی شرما وائس چانسلر سکاسٹ نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔ کسان سمیلن کا مقصد تحصیل ارنیا کے سرحدی علاقے میں رہنے والے کسانوں کے مسائل پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے زراعت کی پیداوار اور کسانوں کی بہبود کے محکمے اور متعلقہ شعبے کے افسران کے ساتھ ترقی پسند کسانوں کے ساتھ بات چیت کرنا تھا ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ سرحدی علاقے کے ایسے ترقی پسند کسانوں کے ساتھ بات چیت کرنا بہت اچھا لگا اور مزید کہا کہ کسانوں کی تجاویز بہت قیمتی ہیں ۔ مسٹر ڈولو نے محکمہ آبپاشی کے چیف انجینئر کو یکم مارچ سے رنبیر نہر میں پانی چھوڑنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ کسان برادری کے مسائل اور مطالبات کو جلد از جلد حل کیا جائے گا ۔ مسٹر ڈولو نے متعلقہ افراد کو ٹیوب ویل کی مرمت کرنے اور نئے ٹیوب ویل والے علاقوں میں جہاں فصلوں کی آبپاشی کی ضرورت ہے نصب کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ جے کے یو ٹی میں کسانوں کیلئے 2000 کسان خدمت سنٹر قائم کئے جا رہے ہیں تا کہ کسانوں کو ان کے دروازے پر تمام سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کی مالی اور تکنیکی طور پر مدد کر رہی ہے اور انہیں اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے ۔ انہوں نے کسانوں سے کہا کہ وہ اپنے کھیتوں میں فصلوں کے تنوع کو اپنائیں تا کہ وہ سال بھر کما سکیں ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بی او پی وکرم ٹریوا بی ایس ایف پوسٹ کا بھی دورہ کیا ۔ انہوں نے ترقی پسند کسانوں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے اور کسان پنکی دیوی کو 10 بھیڑوں کے یونٹوں کی الاٹمنٹ کیلئے سیڈ فیلڈ ،تریوا گاؤں اور کسان سمیلن کا بھی دورہ کیا ۔ وی سی سکاسٹ نے بھی کسانوں سے خطاب کیا اور کہا کہ کے وی کے کے سائینسدان کسانوں کو مناسب سائنسی تکنیک فراہم کر رہے ہیں اور یونیورسٹی کسانوں کی خدمت کیلئے تیار ہے ۔ پروگرام کے دوران ڈائریکٹر زراعت جموں نے اے سی ایس کو جموں ڈویژن کی زراعت میں مختلف محکمانہ سکیموں کے تحت ہونے والی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا ۔ قبل ازیں سرپنچ تریوا بلویر کور نے کسانوں کو درپیش مطالبات اور مسائل کی یاداشت پیش کی ۔ ڈائریکٹر فلوریکلچر جموں ، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جموں ، متعلقہ محکموں کے ضلعی اور تحصیل افسران ، پی آر آئی ممبران اور محکمہ کے دیگر افسران اے سی ایس کے ہمراہ تھے ۔