وزیر اعظم کی فیصلہ کن طرز حکمرانی اور مضبوط سیاسی عزم کی بدولت ملک اب مکمل ترقی کی راہ پر گامزن / امیت شاہ
سرینگر // آپریشن سندھور نے پاکستانی حدود میں 100 کلومیٹر کے اندر دہشت گردی کے 9 مراکز کو تباہ کر دیا کا دعویٰ کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ فیصلہ کن طرز حکمرانی اور مضبوط سیاسی عزم کی بدولت ملک اب مکمل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔سی این آئی کے مطابق وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کا بدلہ لینے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کی طرف سے شروع کیے گئے آپریشن سندھور نے پاکستانی حدود میں 100 کلومیٹر کے اندر دہشت گردی کے 9 مراکز کو تباہ کر دیا۔انہوں نے کہا ’’ہماری انتہائی پیشہ ور اور مضبوط افواج کے گھناؤنے دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ان جوابی حملوں نے لشکر طیبہ اور جیش محمد جیسی کئی دہشت گرد تنظیموں کے ہیڈ کوارٹر کو تباہ کر دیا‘‘۔گاندھی نگر میں 708 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ’’وزیر اعظم مودی کی قیادت میں انفراسٹرکچر، خدمات اور سیکورٹی میں تیز رفتار ترقی کے ساتھ ہندوستان نے گجرات ماڈل کے ساتھ ترقی کی ہے۔ ‘‘ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فیصلہ کن طرز حکمرانی اور مضبوط سیاسی عزم کی بدولت ملک اب مکمل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔قومی سلامتی کا حوالہ دیتے ہوئے امیت شاہ نے یاد دلایا کہ سال 2014 سے پہلے دہشت گردی کے واقعات اکثر ہوتے تھے اور ہندوستان نے شاذ و نادر ہی جواب دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دہشت گرد ہماری سرزمین میں داخل ہوئے، شہریوں اور فوجیوں کو قتل کیا اور بغیر سزا کے فرار ہو گئے۔ تاہم، شاہ نے نوٹ کیا کہ مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد حالات بدل گئے۔ دہشت گردی کو اب جواب مل گیا ہے۔وزیر داخلہ نے نشاندہی کی کہ سال 2014 سے لے کر اب تک تین بڑے حملے اوڑی ،پلوامہ اور حال ہی میں پہلگام میں ان سب کا بدلہ سرجیکل درستگی سے لیا گیا۔ اوڑی کے بعد بھارت نے سرجیکل اسٹرائیک کی۔ پلوامہ کے جواب میں اس نے فضائی حملہ کیا۔ پہلگام حملے کے بعد، بھارت نے آپریشن سندھور شروع کیا، جسے شاہ نے ’تاریخی‘ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ آپریشن سندھور نے پاکستان کے اندر دہشت گردوں کے ہیڈ کوارٹرز کو تباہ کر دیا، جن میں جیش محمد اور لشکر طیبہ سے تعلق رکھنے والے بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا’’ہماری افواج نے پاکستانی حدود میں 100 کلومیٹر اندر جا کر دہشت گردوں کے نو ٹھکانے تباہ کر دیے،” انہوں نے مزید کہا کہ 100 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا’’شاہ نے کہا کہ پاکستان کے حمایت یافتہ دہشت گردوں نے پہلگام میں ایک وحشیانہ حملے میں شہریوں کو نشانہ بنایا تھا جہاں انہوں نے لوگوں کو ان کے خاندانوں کے سامنے قتل کرنے سے پہلے ان کا مذہب پوچھا تھا۔ انہوں نے کہا ’’ ہندوستان نے عزم کے ساتھ اپنی اقدار کے مطابق لیکن بے مثال طاقت کے ساتھ جواب دیا۔ ‘‘










