upendar

آپریشن سندور کی کامیابی تینوں افواج کے مثالی تال میل کا نتیجہ قرار

یوگا مسلح افواج کے اہلکاروں کی جسمانی، ذہنی اور جذباتی صلاحیتوں کو مضبوط بناتا ہے// آرمی چیف

سرینگر// فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دویدی نے کہا ہے کہ یوگا محض جسمانی ورزش نہیں بلکہ ایک ایسا طرزِ زندگی ہے جو انسان کی سوچ، کردار اور مجموعی فلاح و بہبود پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا مسلح افواج کے اہلکاروں کی جسمانی، ذہنی اور جذباتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔یو این ایس کے مطابق بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر تیزپور ملٹری اسٹیشن میں منعقدہ تقریب کے حاشیے پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ یوگا ایک طاقتور عمل ہے جو جسم، ذہن اور روح کو باہم جوڑتا ہے اور انسان کو اندرونی استحکام، توانائی اور مقصدیت کا احساس عطا کرتا ہے۔جنرل دویدی نے کہا کہ بلند و بالا پہاڑی علاقوں، دور دراز سرحدی مقامات اور دشوار گزار خطوں میں تعینات فوجیوں کو سخت موسمی حالات، کٹھن جغرافیائی ماحول اور طویل تنہائی سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا رہتا ہے۔ ایسے حالات میں یوگا انہیں جسمانی فٹنس برقرار رکھنے، ذہنی مضبوطی حاصل کرنے اور جذباتی توازن قائم رکھنے میں مدد دیتا ہے، جس سے وہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب جسم، ذہن اور روح میں ہم آہنگی پیدا ہوتی ہے تو انسان کو اندرونی سکون، نئی توانائی اور بلند حوصلہ حاصل ہوتا ہے۔ یہی ذہنی اور روحانی طاقت فوجیوں کو آپریشنل چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور ملک کی خدمت جذب ایثار کے ساتھ انجام دینے کے قابل بناتی ہے۔آرمی چیف نے فوجی اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ یوگا کو اپنی روزمرہ زندگی کا مستقل حصہ بنائیں کیونکہ صحت مند جسم، متوازن ذہن اور مضبوط قوتِ ارادی فوجی کارکردگی اور قومی سلامتی کے بنیادی ستون ہیں۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے بھارتی فوج کی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فوجی ہی بھارتی فوج کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں اور ہر سپاہی جسمانی برداشت، جدید تکنیکی مہارت اور ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے عزم سے لیس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھارتی فوج ایک متحد قوت کے طور پر کام کرتی ہے تو وہ کسی بھی مخالف کا مقابلہ کرنے اور اسے شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔جنرل دویدی نے پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف انجام دیے گئے ’’آپریشن سندور‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی کی کامیابی بھارتی فوج، بحریہ اور فضائیہ کے درمیان مثالی تال میل اور مؤثر رابطے کا نتیجہ تھی۔انہوں نے کہا کہ تینوں افواج کے درمیان غیر معمولی ہم آہنگی نے آپریشن کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور یہ ثابت کیا کہ بھارت اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے پختہ عزم رکھتا ہے۔