dooran

آلوک کمار نے جموں وکشمیر اور لداخ یوٹیز کی پی ایم شری سکیم کیلئے صلاحیت سازی ورکشاپ کا اِفتتاح کیا

سری نگر//سیکرٹری محکمہ سکولی تعلیم آلوک کمار نے آج ریسورس پرسنوں اورشراکت داروںکے لئے تین روزہ صلاحیت سازی ورکشاپ کا اِفتتاح کیا۔یہ ورکشاپ علامہ اِقبال لائبریری کے کانفرنس ہال میں منعقد کیا گیاجو پی ایم شری سکیم (پی ایم سکولز فار رائزنگ اِنڈیا) کا حصہ ہے جس کا مقصد خطے میں تعلیم کے معیار کو بلند کرنا ہے۔آلوک کمار نے اَپنے اِفتتاحی خطاب میں جموں و کشمیر میں تعلیمی نظام کے لئے بہترین کارکردگی اور اُمید کی کرن بننے میں پی ایم شری سکولوں کے کلیدی کردار پر زور دیا۔اُنہوں نے واضح کیا کہ اِس سکیم کا بنیادی مقصد ایک ایسے ماحول کو فروغ دے کر تعلیم کے معیار کو بڑھانا ہے جو طالب علموں میں تخلیقی صلاحیتوں ، تنقیدی سوچ اور ہمہ گیر ترقی کو پروان چڑھائے۔ اُنہوں نے تعلیمی شعبے میں پیش رفت کی فوری ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے تیزی سے ترقی کی ضرورت پر زور دیا۔آلوک کمار نے اُمید ظاہر کی کہ تربیتی ورکشاپ تمام ضروری پہلوؤں کو جامع طور پر حل کرے گی ، تجربہ کار ریسورس پرسنوں سے معلومات حاصل کرے گی جو ہمارے ماسٹر ٹرینروںکو علم فراہم کریں گے۔اُنہوں نے نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ پورے ملک میں سازگار تعلیمی ماحول پیدا کرنے کے اِجتماعی مواقع پر زور دیا۔اِفتتاح سے قبل پروجیکٹ ڈائریکٹر سماگرا ہ آہوکشا جموں و کشمیر راکیش مگوترا نے وزیر اعظم کی اہم مداخلتوں پر روشنی ڈالی اورسکیم کے تحت 389 سکولوں کو شامل کرنے پر زور دیا۔اِس پروگرام میں ناظم سکولی تعلیم کشمیر تصدق حسین میر، ڈائریکٹرسکولی تعلیم جموں اشوک کمار شرما، ڈائریکٹر ایس سی اِی آر ٹی جے اینڈ کے پروفیسر (ڈاکٹر) پرکشیت سنگھ منہاس کے علاوہ لداخ اور دہلی کے اَساتذہ اور ماسٹر ٹرینروں نے بھی شرکت کی۔اِس موقعہ پر کوڈ مترا کے علاوہ پی ایم شری اور تعلیمی شعبے سے متعلق متعدد دستاویزی فلمیں بھی فلمائی گئیں۔