سری نگر//جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے اریہل علاقے میں جمعرات کی رات سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک مسلح تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک نیا بھرتی دہشت گرد مارا گیا۔پولیس نے بتایا کہ علاقے میں آپریشن جمعہ کی صبح ختم ہوا۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ لشکر طیبہ کا ایک مقامی ملی ٹینٹ کفایت ایوب علی ولد محمد ایوب علی ساکنہ پنجورہ شوپیاں گولی باری میں مارا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ اس کے قبضے سے ایک پستول، دو دستی بم، دو میگزین اور پانچ راؤنڈ برآمد ہوئے۔ افسر نے مزید کہا کہ وہ اس سال4 اکتوبر کو تنظیم میں شامل ہوا تھا۔پولیس اور سیکورٹی فورسز نے اریہل گاؤں میں تلاشی مہم شروع کرنے کے بعد کل شام کو گولیوں کی لڑائی شروع ہوئی۔اریہل گاؤں، پلوامہ میں ایک دہشت گرد کی موجودگی سے متعلق مخصوص خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، پلوامہ پولیس، فوج (44RR)، اور CRPF (182Bn) کی طرف سے علاقے میں ایک مشترکہ محاصرہ اور تلاشی مہم شروع کی گئی۔سرچ آپریشن کے دوران مشترکہ ٹیم کو چھپے دہشت گرد کی اندھا دھند فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ سیکورٹی فورسز نے موثر جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں تصادم شروع ہوگیا۔۔ پولیس ریکارڈ اس کے دہشت گردی سے متعلق کئی جرائم میں ملوث ہونے کی نشاندہی کرتا ہے جس میں مقدمہ ایف آئی آر نمبر 123/2021، ایف آئی آر نمبر 294/2021 اور مقدمہ ایف آئی آر نمبر 180/2021پی ایس شوپیان شامل ہے۔










