SKکرکٹ اسٹیڈیم سرینگرکے گردونواح میں سیکورٹی حصار

سری نگر//15 اگست کوملک کے75ویں یومِ آزادی کی تقاریب کے پیشِ نظر وادی کشمیر بالخصوص شہر سرینگر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ایس کے کرکٹ اسٹیڈیم سری نگر کے گردونواح میں غیر معمولی حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ یہاں خفیہ کیمروں اورکیمروں والے ڈرونزکے ذریعے اطراف واکناف ہرقسم کی نقل وحرکت پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق جموں وکشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا سرینگر کے کرکٹ اسٹیڈیم میں مارچ پاسٹ کی سلامی لیں گے جس کے سبب اس میدان کے گرد و نواح میں سیکورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے اور داخلی و خارجی راستے سیل کردیئے گئے ہیں۔کرکٹ اسٹیڈیم کے قرب وجوارمیں واقعاونچی عمارات کیساتھ ساتھ نزدیکی چوٹیوں پر شاپ شوٹرس تعینات کئے گئے ہیں جبکہ سبھی سیکورٹی ایجنسیوں کوامن مخالف قوتوںکی ممکنہ سازشوںکوناکام بنانے کیلئے ہمہ وقت چوکنا رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں ۔ادھر75ویںیوم آزادی کے موقع پر پورے کشمیر میں کثیر پرت سیکورٹی گرڈ نصب کئے گئے ہیں۔کشمیر وادی کے سبھی قصبوں میں بھی 15، اگست کی تقریب کے سلسلے میں ضلع صدر مقامات پر سکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور جگہ جگہ پولیس اور سی آر پی ایف اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔سرینگر میں پولیس، نجی گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کی تلاشی لے رہی ہے جب کہ پولیس نے گزشتہ روز لال چوک میں ڈرون کیمروں کا ٹرائل رن کرکے کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر ان کا استعمال کیا جائے گا تاکہ شہر میں سخت نگرانی رہے اور تقریبات پْرامن طریقے سے انجام پذیر ہوں۔یاد رہے کہ جموں و کشمیر میں 15 ،اگست کے سلسلے میں تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں یوم آزادی کی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے۔جموں وکشمیر کے تمام ضلع صدور مقامات پر متعلقہ اضلاع کے ڈی ڈی سی چیئرپرسنز ضلع مجسٹریٹ کے بجائے مارچ پاسٹ میں سلامی لیں گے جب کہ بلاک سطح پر بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئرپرسنز مارچ پاسٹ کی سلامی لیں گے اور ترنگا لہرائیں گے۔