تازہ برفباری سے کشمیر وادی سیاحوں سے آباد، گلمرگ و سونمرگ میں رَونق بحال

تازہ برفباری سے کشمیر وادی سیاحوں سے آباد، گلمرگ و سونمرگ میں رَونق بحال

وادی کے سیاحتی مقامات برف کی سفید چادر اوڑھ کر سیاحوں کو اپنی جانب کھینچنے لگے

سرینگر//وی او آئی//کشمیر وادی میں تازہ برفباری کے بعد گلمرگ، سونمرگ اور پہلگام سمیت دیگر مشہور سیاحتی مقامات برف کی سفید چادر سے ڈھک گئے ہیں، جس سے سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ برفباری کے بعد سیاحتی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے اور متعلقہ حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں موسمِ سرما سیاحت کے لیے خوشگوار ثابت ہوگا۔ پیر کی صبح تک ہوئی برفباری نے وادی کے بالائی علاقوں کو مکمل طور پر سفید پوش منظر میں بدل دیا۔ گلمرگ میں تقریباً 9 انچ، سونمرگ میں 7 انچ اور پہلگام سمیت دیگر مقامات پر 4 سے 5 انچ تازہ برف ریکارڈ کی گئی۔ اس خبر کے ساتھ ہی بڑی تعداد میں سیاح ان مقامات کا رخ کرتے نظر آئے۔ سیاحوں نے برفباری کے مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہوئے کہا کہ یہ تجربہ ناقابلِ فراموش ہے۔ دہلی سے آئی میگھنا نے بتایا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ براہِ راست ایئرپورٹ سے گلمرگ پہنچی اور برفباری کا بھرپور لطف اٹھا رہی ہیں۔ اڑیسہ سے آئے سریجیش نے کہا کہ اگرچہ وہ پہلے بھی کشمیر آ چکے ہیں لیکن برفباری دیکھنے کا موقع پہلی بار ملا ہے۔ ایک مقامی ہوٹل مینیجر افتخار احمد نے کہا کہ برفباری کے بعد گلمرگ میں سیاحوں کی آمد بڑھنے سے یہاں کی رَونق لوٹ آئی ہے۔ ان کے مطابق فون کالز اور بکنگ کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس سال کا ونٹر ٹورزم بہتر رہے گا۔